حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام خمینی (رہ) تعلیمی و تحقیقی ادارے کے سربراہ اور مجلس خبرگان رہبری کے مرکزِ تحقیقاتِ حکومت اسلامی کے سرپرست آیت اللہ محمود رجبی نے مجلس خبرگان رہبری قم کے سیکریٹریٹ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی "کتاب سال حکومت اسلامی کی ساتویں کانفرنس" کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماہِ شعبان کی آمد اور ایام ولادت باسعادت حضرت بقیۃ اللہ الاعظم عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی مبارک باد پیش کی اور عالمِ اسلام بلکہ ولایت فقیہ کے نظریے کی ترویج اور ثقافت سازی کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا: حکومت اسلامی اور بالخصوص ولایت فقیہ کے نظریے کی اہمیت سب پر واضح ہے لیکن اس نظریے کی ترویج اور تعارف کے میدان میں ہمیں یہ بات پیش نظر رکھنی چاہیے کہ ہم ابھی آغازِ راہ میں ہیں۔

انہوں نے حوزوی ممتازین اور محققین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا: تعلیم و تحقیق کے میدان میں اگرچہ اچھے کام انجام دیے گئے ہیں لیکن جو کچھ ہونا چاہیے اس کے مقابلے میں خصوصاً ترویج، ثقافت سازی اور عالمِ اسلام بلکہ عالمی سطح پر اجماع سازی کے میدان میں ہم ابھی راستے کے ابتدائی مرحلے میں ہیں۔
مرکزِ تحقیقاتِ حکومت اسلامی کے سرپرست نے کہا: ولایت فقیہ کا نظریہ دنیا میں حکمرانی اور معاشرتی نظم و نسق کے حوالے سے بہترین و برترین نظریہ کے طور پر پیش کیے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے معاشرے کے بہت سے افراد ابھی تک اس نظریے سے مطلوبہ حد تک آشنا نہیں ہیں اور یہی امر حوزات علمیہ اور تحقیقی و ثقافتی مراکز کی ذمہ داری کو مزید سنگین بنا دیتا ہے۔
مجلس خبرگان رہبری کے رکن نے کہا: یہ بہت اہم ہے کہ ہم اس نظریے کو مختلف ڈھانچوں اور مخاطبین کی علمی، ثقافتی اور دینی سطح کے مطابق تیار کر کے پیش کریں۔ یہ وہ نظریہ ہے جس کے تحقق سے انسانی معاشرے کی سعادت وابستہ ہے۔










آپ کا تبصرہ