منگل 3 جون 2025 - 23:11
رہبر کبیر کی اولین ترجیح ظلم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہونا اور مظلوم کی فریاد پر لبیک کہنا رہی، علامہ اشفاق وحیدی

حوزہ / علامہ اشفاق وحیدی نے کہا: حضرت امام خمینی(رہ) ایک نمایاں شخصیت کے مالک اور عالم اسلام کے اس صدی کے ہیرو ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما علامہ اشفاق وحیدی نے رہبر کبیر، امام امت حضرت روح اللہ امام خمینی(رہ) کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا: آج دنیا ایسے مجاہد لیڈر کی تلاش میں ہے جس میں امام خمینی(رہ) کی جھلک نظر آئے۔

انہوں نے کہا: اسلامی انقلاب ایک ایسا نظام ہے جس میں تمام عوامی حقوق برابر ہیں۔ ظلم کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ڈٹ کر مقابلہ کرنا اور مظلوم کی فریاد پر لبیک کہنا ایسی پالیسیاں رہبر کبیر امام امت کی اولین ترجیح رہیں۔ آج اگر بلاامتیاز جمہوریہ اسلامی ایران فلسطین اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑا ہے تو یہ امام خمینی(رہ) کی فکر اور ان کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

علامہ اشفاق وحیدی نے مزید کہا: عالم اسلام کے حکمرانوں کو چاہیے کہ حقیقی جمہوریت کے قیام کے لیے فکر خمینی(رہ) اور ان کے دئے گئے اصولوں کو اپنی پالیسیوں کا حصہ بنائیں تاکہ عوام کو برابری کی سطح پر حقوق مل سکیں۔

انہوں نے مسجد اقصی، فلسطین اور غزہ کے مسلمانوں کے لیے عالم اسلام اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ ان کی مدد اور ظلم کے خاتمہ کے لیے ہر پلیٹ فارم سے آواز بلند کریں تاکہ اسرائیل کی طرف سے جاری دہشت گردی کا خاتمہ ہو۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha