حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما علامہ اشفاق وحیدی نے یوم عرفہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا: امام حسین علیہ السلام نے روز عرفہ کو فلسفہ حج، مقام اور عظمت بیت اللہ کو مناجات اور دعاؤں کی صورت میں بیان فرمایا جسے دعای عرفہ کہا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا: امام حسین علیہ السلام نے حج کو عمرے میں بدل کر اپنے عمل اور اپنے سیرت و کردار کے ذریعہ امر بالمعروف و نہی عن المنکر کیا اور اپنا سفر کربلا کی طرف کیا تاکہ بیت اللہ کی حرمت کو محفوظ رکھا جائے۔
علامہ اشفاق وحیدی نے کہا: روز عرفہ تذکیۂ نفس، دعا و مناجات کے ساتھ ساتھ ظالم اور مظلوم اور حق و باطل کی شناخت کراتا ہے۔ دنیا میں جہاں ظلم ہو رہا ہے وہ فلسطین و غزہ ہو یا یمن۔ بطور مسلمان و بطور انسانیت ہمیں مظلوموں کی مدد کے لیے آگے بڑھنا ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا: حج اسلام اور دین کا اہم فریضہ ہے جس کے ذریعہ مسلمان حق شناسی اور دین شناسی حاصل کر کے اللہ کا محبوب بندہ بنتا ہے۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما نے کہا: حاجی جب بیت اللہ میں "لبیك اللھم لبیك" کی صدا بلند کرتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ میں نے اللہ سبحانہ تعالیٰ کے ساتھ رشتہ جوڑا ہے۔ اسی رشتے کو مضبوط بنانے کے لیے سیرت پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امامت کی راہ پر چل کر اور معاشرے کا بہترین انسان بن کر کامیابی کی زندگی گزار سکتا ہے۔









آپ کا تبصرہ