جمعہ 6 جون 2025 - 13:03
جامعہ النجف ڈیرہ اسماعیل خان میں امام خمینی کی برسی کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد؛ شیعہ سنی علمائے کرام شریک

حوزہ/ امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کی 36 ویں برسی کی مناسبت سے جامعۃ النجف و الکوثر اسکول کوٹلی امام حسین (ع) ڈیرہ اسماعیل خان پاکستان میں ایک عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی، جس میں شیعہ سنی علمائے کرام نے شرکت اور خطاب کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کی 36 ویں برسی کی مناسبت سے جامعۃ النجف و الکوثر اسکول کوٹلی امام حسین (ع) ڈیرہ اسماعیل خان پاکستان میں ایک عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی، جس میں شیعہ سنی علمائے کرام نے شرکت اور خطاب کیا۔

تفصیلات کے مطابق، اس تقریب میں مختلف مکاتبِ فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا کہ امام خمینی نے استعمار کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی اور آج ان کے ہی شاگرد یہ فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید آیت اللہ ابراہیم رئیسی نے اسی سلسلے میں جام شہادت نوش کیا۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین ہمیں پکار رہا ہے۔ ہم جملہ مظلومین کی حمایت کرتے ہیں۔

شیعہ علماء کونسل کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا کاظم عباس نے کہا کہ دنیا میں باطل کے نمائندے رہیں گے تو مقابلے میں حق کے نمائندے بھی رہیں گے۔ امام خمینی کے پیروکار آج بھی اللہ اور قرآن پر یقین و ایمان رکھتے ہیں۔

مولانا ناصر توکلی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی اتحاد امت کے داعی اور مسلمانوں کے لیے غنیمت تھے۔ مسلمانوں پر جہاد اور سرمایہ داری کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ مسلم ممالک یک جا ہو جائیں تو امریکہ و اسرائیل نہیں ٹھہر سکیں گے۔

خاکسار تحریکِ خیبر پختون خوا کے ناظم میاں اللہ دتہ ساجد نے کہا کہ ہمیں اپنی جدوجہد میں رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی تریسٹھ سالہ زندگی کے ہر لمحے کی پیروی کرنی چاہیے، ان کی پیروی کے بغیر زندگی کا ایک سال بھی کسی باطل نظام کے تحت گزارنا شرک عظیم ہے۔ امام خمینی رہبر انقلاب کا استعارہ بن چکے ہیں۔

سینئر صحافی و کالم نگار ابوالمعظم ترابی نے کہا کہ عالم اسلام میں قیادت کا بحران ہے۔ فلسطین سمیت دنیا بھر کے دیگر مظلوم انسانوں کو مظلومیت سے نجات دلوانے کے لیے امام خمینی اور ان کے ہم نواؤں جیسی قیادت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت امام خمینی کا اسلامی انقلاب پر قائم ایران، امریکہ و اسرائیل اور ان کے اتحادیوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑا ہوا ہے؛ ہمیں بھی ان کی پیروی کرتے ہوئے حق اور مظلومین کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha