حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، سیکرٹری جنرل شیعہ پاکستان علماء کونسل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کو مرکز افکار اسلامی کی جانب سے آستان قدس رضوی اور مرکز افکار کی مشترکہ اشاعت "نہج البلاغہ ترجمہ اردو" پیش کی گئی۔
اس موقع پر مرکز افکار اسلامی شعبہ قم کے مدیر حجت الاسلام والمسلمین سید عقیل عباس نقوی نے سیکرٹری جنرل شیعہ پاکستان علماء کونسل کو نہج البلاغہ کے اس نسخہ کے متعلق وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا: مرکزِ افکار اسلامی ایک مدت سے کلام امیر المومنینؑ کو محبان امیر المومنینؑ تک پہنچانے کیلئے کوشاں ہے اور اس کیلئے متعدد اقدمات کئے گئے ہیں۔ طباعت کے حوالے سے ہمیشہ جن عمومی یا خصوصی کمزوریوں کا سامنا ہوتا تھا ان کو مدنظر رکھتے ہوئے مرکز افکار نے مکمل طور پر نئے سرے سے نہج البلاغہ کو شائع کرایا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مرکز افکار کی جانب سے شائع نہج البلاغہ ترجمہ اردو "مفتی جعفر حسین" کی اشاعت میں جن امور کو مدنظر رکھا گیا ہے ان میں عربی متن کی تصحیح، عربی کے سامنے اس کا اردو ترجمہ، عربی اور اردو عبارتوں میں پیراگراف پر خصوصی توجہ، اردو دان طبقہ کے ہاں رائج قرآنی رسم الخط کا استعمال، عربی اور اردو عبارتوں میں رموز اوقاف کا مناسب استعمال، حواشی میں موجود عربی عبارتوں اور اشعار کی مکمل اعراب گزاری، متن یا حواشی میں موجود آیات کیلئے مخصوص علامات کا استعمال، عبارتوں میں موجود آیات کے مکمل حوالہ جات، عربی عبارت اور ترجموں میں نواقص کی تکمیل سمیت مختلف دیگر موارد بھی شامل ہیں۔
اس موقع پر سیکرٹری جنرل کے ہمراہ مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ اور مولانا فیاض حسین مطہری بھی موجود تھے۔










آپ کا تبصرہ