ہفتہ 24 مئی 2025 - 17:50
دہشتگردی و فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کا تعلق کسی مذہب سے نہیں، علامہ اشفاق وحیدی

حوزہ / وطن عزیز جن مشکلات کا شکار ہے وہ دہشتگردی ہے۔ جس سے مقابلہ کرتے ہوئے پاک آرمی، پولیس سیکورٹی  فورسز، سول سوسائٹی کے نوجوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما علامہ اشفاق وحیدی نے راولپنڈی اسلام آباد کے مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے عزاداروں، ماتمی سالاروں، بانیانِ مجالس اور متولیان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ملک پاکستان میں کوئی شیعہ سنی مسئلہ نہیں ہے۔ شیعہ اور سنی دونوں مکاتبِ فکر نے پاکستان کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: دہشتگردی و فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کا تعلق کسی مذہب سے نہیں ہوتا۔ ایسی قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہمیں امت واحدہ کی حقیقی تصویر عوام میں پیش کرنا ہو گی تاکہ وطن عزیز مستحکم ہو سکے۔

علامہ اشفاق وحیدی نے حکومت اور انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ سال گزشتہ ماتمیوں، عزاداروں اور بانیان مجالس پر جھوٹے اور بے بنیاد مقدمے درج کیے گئے۔ ان کو فی الفور ختم کیا جائے اور آنے والے محرم الحرام کے لیے امن و امان کے سلسلہ میں فل پروف سیکورٹی کے انتظامات کیے جائیں۔

رہنما شیعہ علماء کونسل پاکستان نے مومنین کرام، ماتمی سالاروں، عزاداروں، بانیان و متولیان سے بھی اپیل کی ہے کہ سابقہ ادوار کی طرح سیکورٹی کے لیے پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha