بدھ 4 جون 2025 - 21:53
امام خمینی نے دنیا کے سامنے اسلام محمدی کی عملی تصویر پیش کی، مولانا مرزا عمران علی

حوزہ/ امام خمینیؒ کی 36ویں برسی کی مناسبت سے حرم امام رضا علیہ السلام کے شعبۂ اردو زبان اور کاروانِ حسین دہلی کے مشترکہ اہتمام سے رواق غدیر میں ایک پُر سوز مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مشہد مقدس/ امام خمینیؒ کی 36ویں برسی کی مناسبت سے حرم امام رضا علیہ السلام کے شعبۂ اردو زبان اور کاروانِ حسین دہلی کے مشترکہ اہتمام سے رواق غدیر میں ایک پُر سوز مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا۔

مجلس کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا، جس کی سعادت جناب امینی صاحب نے حاصل کی۔ اس کے بعد معروف شاعر مولانا مرزا عرفان علی نے بانیٔ انقلاب اسلامی، امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کو منظوم خراجِ عقیدت پیش کیا۔

مرکزی خطاب مولانا مرزا عمران علی نے کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے امام خمینیؒ کی انقلابی جدوجہد اور عالمی سطح پر ان کے افکار کے اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا:

امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے مظلوموں کی آواز کو دنیا کے سامنے بلند کیا، اور طاغوتی و استکباری قوتوں کے خلاف ایک عملی جدوجہد کا آغاز کیا۔ آپ نے دنیا کو اسلامِ محمدی ﷺ کا حقیقی چہرہ دکھایا۔"

انہوں نے مزید کہا: آپ کے انقلاب نے امت مسلمہ میں بیداری کی ایک لہر پیدا کی، اور آج دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی مظلوموں کی حمایت میں صدائے احتجاج بلند ہوتی ہے، وہاں امام خمینیؒ کی فکر کا عکس ضرور نظر آتا ہے۔"

پروگرام کی نظامت کے فرائض مولانا اظہر عباس نے خوش اسلوبی سے انجام دیے۔

واضح رہے کہ یہ روحانی اور فکری مجلس امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات کو زندہ رکھنے اور موجودہ نسل تک منتقل کرنے کے لئے منعقد کی گئی، جس میں عاشقانِ اہل بیتؑ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha