حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بانی انقلابِ اسلامی ایران حضرت امام خمینی کی 36 ویں برسی کی مناسبت سے فاطمیہ ایجوکیشنل کمپلیکس مظفرآباد میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں طالبات اور مؤمنات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے کیا گیا، جس کی سعادت فاطمیہ سکول اینڈ کالج کی طالبہ اقرار کاظمی نے حاصل کی، جبکہ سیدہ رباب نے نعت رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔
تقریب میں حضرت امام خمینی کی زندگی اور ان کی انقلابی جہدوجہد کے بارے میں ڈاکیومنٹری فلم دیکھائی گئی۔
پروگرام کے آخر میں سیدہ فضہ مختار نقوی صاحبہ نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے امام خمینی کی زندگی کے تمام پہلوؤں کو اجاگر کیا۔انہوں نے امام خمینی کی سیاسی، سماجی، اور انقلابی سرگرمیوں کا تذکرہ کیا۔
محترمہ سیدہ فضہ مختار نقوی صاحبہ نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی خمین میں پیدا ہوئے؛ امام خمینی نے جو انقلاب اسلامی لایا وہ صرف ایران کے لیے نہیں تھا، بلکہ پورے عالم اسلام کے لیے تھا۔ امام خمینی نے شاہ کے خلاف قیام کیا اور امام خمینی کا قیام، قیام حسینی تھا۔ جس طرح امام حسین علیہ السلام کا قیام پوری دنیا کے لیے تھا اسی طرح امام خمینی کے قیام کا اثر بھی پوری دنیا کے لیے تھا اور انقلاب کی راہ میں انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کبھی جلاوطنی تو کبھی قید کی سختیاں اٹھانی پڑیں؛ امام خمینی نے اتحاد بین المسلمین کا نعرہ لگایا، امام خمینی نے لوگوں کو استقلال کا درس دیا اور ایک الٰہی حکومت کا قیام کیا۔









آپ کا تبصرہ