حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، حضرت امام خمینی (رہ) کی 36ویں برسی کی مناسبت سے پاکستان کے معروف عالم دین علامہ سید حسن ظفر نقوی نے حوزہ نیوز کے نمائندے سے گفتگو کی، جسے ہم سوال و جواب کی شکل میں پیش کر رہے ہیں۔
حوزہ: امام خمینیؒ نے انقلاب اسلامی کے لیے "استقلال" (آزادی) کے نعرے کو کیوں ترجیح دی جبکہ اکثر انقلابات کا آغاز "روٹی، کپڑا، مکان" جیسے نعروں سے ہوتا ہے؟
علامہ حسن ظفر نقوی: امام خمینیؒ نے سمجھا کہ روٹی، کپڑا، مکان جیسی معاشی ضروریات ایک قوم کو عارضی طور پر سہارا دیتی ہیں، لیکن جب تک ایک قوم کی فکری اور سیاسی آزادی نہ ہو، وہ دوسرے ممالک کی غلامی میں رہے گی۔ لہٰذا انہوں نے سب سے پہلے قوم کو "استقلال" یعنی مکمل آزادی کا شعور دیا تاکہ ہم اپنی پالیسیاں خود بنائیں، اپنی قوم کے فیصلے خود کریں اور عالمی استعماری طاقتوں پر انحصار نہ رہے۔ یہی وجہ ہے کہ انقلاب اسلامی کا بنیادی نعرہ "لا شرقیہ ولا غربیہ" تھا۔
حوزہ: امام خمینیؒ کے اس نعرے (استقلال) نے دنیا کے دوسرے ممالک پر کیا اثرات مرتب کیے؟
علامہ حسن ظفر نقوی: جب ایرانی قوم نے استعمار کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہوکر انقلاب برپا کیا تو اس سے دنیا کی مظلوم قوموں کو بھی حوصلہ ملا۔ انہوں نے دیکھا کہ ایک ملت کس طرح اپنی طاقت اور استقلال کے ذریعے عالمی طاقتوں کے خلاف کامیاب ہو سکتی ہے۔ ایران کی اس استقامت نے فلسطین، لبنان، یمن، شام اور دیگر مظلوم قوموں کو بھی آزادی کی تحریکوں کے لیے راستہ دکھایا۔
حوزہ: امام خمینیؒ نے اپنی تحریک کو کربلا اور امام حسینؑ کی تعلیمات سے کیسے جوڑا؟
علامہ حسن ظفر نقوی: امام خمینیؒ نے واضح کیا کہ ان کی تحریک کی اصل روح کربلا ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ "سید الاحرار" یعنی امام حسینؑ نے ظلم کے خلاف قیام کیا اور ہر دور کے مظلوموں کو ظالم کے خلاف قیام کی راہ دکھائی۔ خمینیؒ بت شکن نے اسی فکر کو زندہ کیا اور دنیا کو دکھایا کہ اگر کربلا کی فکر ہو تو کوئی بھی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔
حوزہ: کیا آزادی کا مطلب صرف ایک طاقت سے نکل کر دوسری طاقت کی طرف جانا ہے یا کچھ اور بھی ہے؟
علامہ حسن ظفر نقوی: امام خمینیؒ نے ہمیشہ کہا کہ آزادی کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ ہم ایک طاقت سے نکل کر کسی اور طاقت کے ماتحت ہو جائیں۔ آزادی کا مطلب ہے کہ ہم اپنی پالیسیز خود بنائیں، اپنے فیصلے خود کریں، اور کسی بیرونی طاقت یا سامراجی آلہ کار کے اشارے پر ناچنے کے بجائے اپنی قوم اور دین کے مطابق جئیں۔
حوزہ: امام خمینیؒ کی رہبری نے مسلمانوں کو آزادی کے ساتھ جینے کا راستہ کیسے دکھایا؟
علامہ حسن ظفر نقوی: امام خمینیؒ نے نہ صرف انقلاب برپا کیا بلکہ دنیا کو دکھایا کہ اگر اہل بیتؑ کی راہ پر چلا جائے تو سب سے بڑی استعماری طاقتیں بھی آپ کو نہیں جھکا سکتیں۔ انہوں نے قم اور مشہد جیسے مقدس مراکز سے علما کو تیار کیا، لوگوں کو شعور دیا، اور اسلامی انقلاب کی بنیاد اہل بیتؑ کی فکر پر رکھی۔ اس سے دنیا کو پیغام ملا کہ جب مسلمان اپنی دینی اور فکری طاقت کو پہچان لیتے ہیں تو وہ حقیقی آزادی کے ساتھ جی سکتے ہیں۔









آپ کا تبصرہ