حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حسینی موومنٹ کی جانب سے شروع کی جانے والی عالمی سوشل میڈیا مہم #KhomeiniForAll بانیٔ انقلاب اسلامی امام روح اللہ موسوی خمینیؒ کی برسی کی مناسبت سے مسلسل آٹھویں سال منائی جا رہی ہے۔ یہ مہم 2 جون سے شروع ہو کر 8 جون تک جاری رہے گی، جس میں دنیا بھر سے ہزاروں افراد شریک ہو کر امام خمینیؒ کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
اس سال یہ ہیش ٹیگ ہندوستان، ایران، یورپ، نائیجیریا، اور ایشیا و افریقہ کے متعدد خطوں میں مقبول ہو کر ٹرینڈ کر رہا ہے۔ اس ہیش ٹیگ کے تحت امام خمینیؒ کے اقوال، ویڈیوز، ان کے فکری ورثے، مزاحمتی فلسفے، اور عالمی اسلامی تحریکوں پر ان کے اثرات سے متعلق متنوع مواد شیئر کیا جا رہا ہے۔

حسینی موومنٹ، جو کہ کئی ممالک میں اپنی فعال ٹیموں کے ذریعے خدمات انجام دے رہی ہے، نے اس مہم کے دوران مقامی سطح پر آن لائن اور آف لائن سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ اس ضمن میں ڈیجیٹل پوسٹرز، لائیو اسٹریمز، اور ویبینارز کا انعقاد کیا گیا، جنہیں اس ہیش ٹیگ کے تحت منظم کر کے امام خمینیؒ کی یاد کو زندہ رکھنے، شعور اجاگر کرنے، اور نوجوان نسل تک ان کے پیغام کو مؤثر انداز میں پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانوں، ایرانی ثقافتی مراکز، اور معروف عوامی شخصیات نے بھی اس مہم میں بھرپور شرکت کی اور امام خمینیؒ کی برسی کی مناسبت سے خصوصی مواد پوسٹ کیا۔ اس موقع پر علمی و فکری ماہرین، سماجی کارکنان، علما، اور مذہبی رہنماؤں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور عصرِ حاضر کے عالمی سماجی و سیاسی منظرنامے میں امام خمینیؒ کے ویژن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے متنوع اور جامع علمی مواد پیش کیا۔
واضح رہے یہ عالمی مہم اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ امام خمینیؒ کا پیغام آج بھی دنیا بھر کے حریت پسندوں، باضمیر انسانوں، اور اسلامی تحریکوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، جس کی روشنی میں دنیا کے مظلومین کے حقوق کے لیے جدوجہد کی جا رہی ہے۔









آپ کا تبصرہ