حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کراچی/ تحریک بیداری اُمتِ مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے امام خمینیؒ کی 36 ویں برسی کے موقع پر نشتر پارک کراچی میں عظیم الشان اجتماع سے اپنی ویڈیو پیغام میں کہا کہ امام خمینیؒ نے امت مسلمہ کو جو شعور، بیداری اور انقلابی راستہ دیا، آج اس کی ضرورت پہلے سے زیادہ محسوس ہو رہی ہے۔ امام خمینیؒ نے قرآن، انبیاء کرامؑ اور نبی اکرم ﷺ کے راستے پر چلتے ہوئے امت کو بحرانوں سے نکالنے کی راہ دکھائی، خود اس پر عمل کیا اور دوسروں کو دعوت دی۔
تصاویر دیکھیں:
امام خمینیؒ کی 36ویں برسی پر نشتر پارک کراچی میں عظیم الشان اجتماع کا انعقاد
انہوں نے خاص طور پر حضرت ابراہیمؑ کے اسوہ کو اپنایا اور حج کو رسمی روایت سے نکال کر حجِ ابراہیمی میں بدلنے کے لیے جدوجہد کی، لیکن امت پر مسلط قوتوں نے اس شعور کو دبانے کی کوشش کی۔ امام خمینیؒ نے اسرائیل کو "صہیونی سرطان" قرار دیا اور فرمایا کہ اگر مسلمان متحد ہوتے تو اسے ختم کر سکتے تھے، لیکن تفرقہ، تعصب اور بے شعوری نے دشمنان اسلام کو فائدہ دیا، اور آج وہ گریٹر اسرائیل کے منصوبے کے تحت فلسطین کے بعد دیگر اسلامی علاقوں کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان صرف بیرونی دشمنوں کا شکار نہیں بلکہ اندرونی بحران، سیاسی انحراف، فکری گمراہی اور بے شعوری بھی اس تباہی کے اسباب ہیں جنہوں نے اقبال اور امام خمینیؒ کے پیغامات کو دبا دیا۔
اجتماع سے علامہ مرزا یوسف، علامہ جواد نوری، علامہ طاہر مشہدی،علامہ عباس شاکری، علامہ جعفر سبحانی، مفتی محمد داؤد، مفتی محمود الحسینی، علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ علی رضا مطہری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ امام خمینیؒ کا پیش کردہ راستہ، عزت، استقامت اور اتحاد ہی پاکستان اور امت مسلمہ کے بحرانوں کا حل ہے۔ آج اگر ہم فلسطین، غزہ اور مسلم دنیا کو نجات دلانا چاہتے ہیں تو اسی راستے پر چلنا ہو گا۔









آپ کا تبصرہ