جمعہ 6 جون 2025 - 15:22
اسرائیل کی پشت پناہی میں مسلم دنیا کی مجرمانہ خاموشی بھی شامل ہے، علامہ جواد نقوی

حوزہ/ تحریک بیداری امت مصطفیٰ کےسربراہ کا کہنا تھا کہ آج کا عالمِ اسلام داخلی خلفشار، فکری انتشار اور بیرونی تسلط کے شکنجے میں جکڑا ہوا ہے، مگر نجات کا وہی واحد راستہ ہے جو امام خمینیؒ نے دکھایا، ایک آزمودہ، بابرکت اور واضح راستہ، جو ظلمت میں نور کی مانند رہنمائی کرتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،بانی انقلاب اسلامی، آیت اللہ العظمیٰ امام خمینیؒ کی 36ویں برسی کے موقع پر جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس سے تحریک بیداریٔ امت مصطفیؐ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے خصوصی خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج کا عالمِ اسلام داخلی خلفشار، فکری انتشار اور بیرونی تسلط کے شکنجے میں جکڑا ہوا ہے، مگر نجات کا وہی واحد راستہ ہے جو امام خمینیؒ نے دکھایا، ایک آزمودہ، بابرکت اور واضح راستہ، جو ظلمت میں نور کی مانند رہنمائی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام راحلؒ نے برسوں قبل اسرائیل کو 'صیہونی سرطان' قرار دیا تھا، لیکن افسوس کہ امت اُس وقت بیدار نہ ہو سکی۔

انہوں نے کہاکہ اگر بروقت امامؒ کی پکار پر لبیک کہا جاتا تو یہ ناسور آج جڑ سے ختم ہو چکا ہوتا۔ آج غزہ میں جو قیامت برپا ہے، اُس پر عالمِ اسلام، خصوصاً پاکستان کی خاموشی صیہونی جرائم کی سب سے بڑی پشت پناہ بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیسے امریکہ کا اسلحہ، عرب دنیا کا سرمایہ اور مغرب کی حمایت اسرائیل کو حاصل ہے، ویسے ہی مسلم دنیا کی مجرمانہ خاموشی بھی ان جرائم کے تسلسل میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ کا پیغام آج بھی پوری امتِ مسلمہ کیلئے نجات کا راستہ ہے۔ اُن کے افکار، انقلابی بصیرت اور استکبار دشمنی کی روح کو زندہ رکھنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha