حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبۂ قم کے صدر حجت الاسلام مولانا سید ذیشان الحسنی نے اپنی کابینہ کے ہمراہ جامعہ روحانیت بلتستان کے دفتر کا دورہ کیا اور جامعہ روحانیت بلتستان کی ملکی و بین الاقوامی سرگرمیوں کو سراہا۔
اس موقع پر حجت السلام مولانا سید ذیشان الحسنی نے آیت اللہ اعرافی کے اس قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جامعہ روحانیت بلتستان صرف ایک تنظیم نہیں، بلکہ اس کی سرگرمیوں کا دائرہ ایک ملک کی سطح کا ہے۔
وفد نے استعداد سازی، تربیتی پروگرامز اور طلبہ کی سیاسی و سماجی بصیرت کے حوالے سے مشترکہ اقدامات میں تعاون کی خواہش کا اظہار کیا، نیز مستقبل میں باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
جامعہ روحانیت بلتستان کے معاون برائے ارتباطات مولانا خادم حسین جاوید نے ادارے کی علمی، تبلیغی اور تحقیقی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ "بلتستان کے علماء، پاکستان کے دینی و تعلیمی شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں، لہٰذا مشترکہ کاوشوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔"
مجلس عاملہ کے رکن حجت الاسلام والمسلمین شیخ یوسف عابدی نے طلبہ کی اخلاقی تربیت اور قومی و دینی ضروریات کے مطابق مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
آخر میں جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر حجت الاسلام علی نقی جنتی نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "ملک و ملت کی تعمیر اور دینی اقدار کے فروغ کے لیے مذہبی اداروں کے مابین باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ جامعہ روحانیت بلتستان ہر سطح پر اس جذبے کے ساتھ اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔"
دونوں اداروں کے مابین مستقبل میں مشترکہ علمی، تربیتی اور اخلاقی پروگرامز کے انعقاد اور طلبہ و علماء کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے پر اتفاق ہوا۔










آپ کا تبصرہ