ہفتہ 7 جون 2025 - 01:50
قربانی؛ حکم خدا کے سامنے سر تسلیم خم ہونے اور قرب الٰہی حاصل کرنے کا ذریعہ ہے، علامہ اشفاق وحیدی

حوزہ / علامہ اشفاق وحیدی نے کہا: عید الاضحی تاریخ اسلام کی دو مقدس قربانیوں کی یاد دلاتی ہے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانی اور دوسری امام حسین علیہ السلام کی قربانی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما علامہ اشفاق وحیدی نے عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے عید الاضحی پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا: لفظ قربانی قرب سے نکلا ہے ہر وہ عمل جو آپ کو اللہ کے قریب لے جاتا ہے اسے قربانی کہا جاتا ہے۔ قربانی فقط دنبہ یا جانور کو ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ ایک ایمانی جزبہ اور حکم خدا کے سامنے سر تسلیم خم اور قرب الٰہی حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا: فلسفہ عید یہ ہے کہ جہاں ظلم و بربریت کا بازار گرم ہے اس کے خلاف آواز بلند کرنا اور مظلوم فلسطین، غزہ، و یمن کی عوام کی مدد کرنا ایک مذہبی اور ایمانی تقاضا بھی ہے۔

علامہ اشفاق وحیدی نے کہا:کیا ایک خوبصورتی اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے بنائی ہے کہ اسلامی سال بھی ایک قربانی پر اختتام ہوتا ہے اور اسلامی سال کی ابتداء بھی قربانی سے ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا: اسلام میں دو میدان ہیں ایک میدان منیٰ اور دوسرا میدان کربلا۔ ایک میدان میں چھری حکم الٰہی سے رک جاتی ہے اور دوسرے میدان میں چھری چل جاتی ہے۔ جس میدان میں چھری چلی اس قربانی کے ذریعہ دین الٰہی مبین اور اسلام کا تحفظ ہوا اور قیامت تک امام حسین علیہ السلام کی قربانی مسلمان کی کامیابی کے لیے سنہری اصول بن گئی۔

رہنما شیعہ علماء کونسل پاکستان نے اپنے پیغام میں اس بات پر زور دیا کہ عید پر غرباء، مساکین اور نادار لوگوں کو اپنی خوشیوں میں یاد رکھنا بھی ایک قربانی ہے تاکہ ہم صحیح معنی میں عید کا تہوار منا سکیں۔

علامہ اشفاق وحیدی نے مزید کہا: کچھ عناصر اسلام اور دین کا لبادہ اوڑھ کر نوجوان نسل کو آزادی کے نام پر دین اور اسلام سے دور کرنے میں مصروف ہیں۔ ایسے عناصر کو عوام پہچانیں اور معاشرے اور سوسائٹی میں نہ گھسنے دیں تاکہ ہماری نوجوان نسل کا مستقبل محفوظ رہ سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha