ہفتہ 7 جون 2025 - 14:23
جامعۃ النجف سکردو میں دعائے عرفہ کی روح پرور محفل

حوزہ/ جامعۃ النجف سکردو پاکستان میں دعائے عرفہ کی نورانی اور بابرکت محفل منعقد ہوئی، جس میں علاقے کی معروف و محترم دینی و سماجی شخصیات، بزرگوں، جوانوں، اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ اور اہل ایماں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃ النجف سکردو پاکستان میں دعائے عرفہ کی نورانی اور بابرکت محفل منعقد ہوئی، جس میں علاقے کی معروف و محترم دینی و سماجی شخصیات، بزرگوں، جوانوں، اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ اور اہل ایماں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یہ محفل معنویت، معرفت اور بندگی کا حسین نمونہ تھی۔ آغاز میں جامعہ کے طالب علم حافظ حامد حسین اور طالب علم مولانا حسین بشیر سلطانی نے دلنشین قرائت قرآنی کے ذریعے محفل کو منور کیا۔

بعد ازاں حجۃ الاسلام آقائے اکبر مخلصی اور استادِ محترم سید محمد علی شاہ نے نہایت دلسوز، عارفانہ اور ایمان افروز لہجے میں دعائے عرفہ کی تلاوت کی۔

دعائے عرفہ کے ایک ایک فقرے نے حاضرین کے دلوں کو جھنجھوڑا اور اشکبار آنکھوں کے ساتھ ہر زبان سے "الٰہی آمین" کی صدائیں بلند ہوتی رہیں۔

سید الشہدا حسین بن فاطمہ علیہم السّلام کی دعا کے عارفانہ جملے مشعلِ نور بن کر دلوں کو گرماتے رہے۔

آقائے مخلصی نے اپنے مخصوص انداز میں سفیر حسین مسلم ابن عقیل علیہ السّلام کے مصایب بیان کرکے در و دیوار کو رلایا۔ آپ نے شہدائے مقاومت، محرومینِ امت، مسلمین و مسلمات، ملک و ملت کی کامیابی و فلاح ، عالمی امن اور حجاج کرام کے لیے خصوصی دعا کی۔

آخر میں استاد محترم حجۃ الاسلام محمد علی شاہ حسین اجتماعی زیارتِ امام حسین پڑھی اور تمام حاضرین نے دو رکعت نمازِ زیارت ادا کی۔

محفل کے اختتام پر جامعہ نجف کی جانب سے نیازِ امام حسین علیہ السلام کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔

یہ بابرکت محفل نہ صرف یومِ عرفہ اور دعائے عرفہ کی عظمت کو اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ بنی، بلکہ مکتبِ اہل بیت کے عرفانی، اخلاقی اور اجتماعی پیغام کی خوبصورت عکاسی کی بھی موجب بنی۔

جامعۃ النجف سکردو میں ہر سال اجتماعی دعائے عرفہ کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے اور ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے شرکاء نے اس کامیاب اور ایمان افروز محفل کا اہتمام کرنے پر جامعۃ النجف کو خراج تحسین پیش کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha