حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی جامع مسجد سکردو میں جامعۃ المصطفی العالمیہ شعبۂ پاکستان کے زیرِ اہتمام منعقدہ سترہویں سالانہ قرآن و حدیث مقابلوں کی اختتامی تقریب نہایت روح پرور ماحول میں منعقد ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں علماء، طلباء اور مؤمنین نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز بین الاقوامی شہرت یافتہ قاری وجاہت رضا کی دلنواز اور شیرین آواز میں تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا، جس نے شرکاء کے قلوب و اذہان کو معطر و منور کر دیا۔
اختتامی نشست سے جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ پاکستان کے شعبۂ ثقافت و تربیت کے مسئول حجۃ الاسلام سید خاور عباس تقوی نے خطاب کرتے ہوئے ان مقابلوں کی غرض و غایت بیان کی اور قرآنی تعلیمات کی اہمیت و ضرورت پر روشنی ڈالی اور مقابلوں میں پوزیشن لینے والے طلباء کو مبارکباد دی۔
انہوں نے بلتستان کے مدارس اور مؤمنین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان مقابلوں کو دینی بیداری کا اہم ذریعہ قرار دیا۔
تقریب کے آخر میں بلتستان کے جید علمائے کرام نے پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں اعزازی اسناد تقسیم کیں۔
علمی و قرآنی حلقوں اور ممتاز شخصیات نے ان مقابلوں کو نہایت حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات قرآنی معاشرے کی تشکیل اور نوجوان نسل کی تربیت کے لیے ناگزیر ہیں۔









آپ کا تبصرہ