حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ مرکزی جامع مسجد سکردو علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے محرم الحرام کی آمد پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ حضرت سید الشہداء امام حسینؑ نے دینِ محمدی کی بقاء کے لیے سب کچھ قربان کر دیا اور ہمیں یہ سکھا دیا کہ ظلم کے سامنے سر جھکانا مؤمن کی روش نہیں۔
امام جمعہ سکردو حجت الاسلام والمسلمین علامہ شیخ محمد حسن جعفری کے پیغامِ محرم کا متن مندرجہ ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحيم
قال رسول الله: حُسَیْنٌ مِنِّی وَ أَنَا مِنْ حُسَیْنٍ، أَحَبَّ اللّٰه مَنْ أَحَبَّ حُسَیْنًا.(ترمذی)
محرم الحرام کا مہینہ، تجدیدِ عہد کا مہینہ ہے۔ عہد وفا، عہدِ قربانی اور عہدِ حق و صداقت کے ساتھ یہ وہ مہینہ ہے جس میں نواسۂ رسول حضرت سید الشہداء امام حسینؑ نے دینِ محمدی کی بقاء کے لیے سب کچھ قربان کر دیا اور ہمیں یہ سکھا دیا کہ ظلم کے سامنے سر جھکانا مؤمن کی روش نہیں۔
آج جب امتِ مسلمہ مختلف آزمائشوں سے گزر رہی ہے، ہمیں امام حسینؑ کی قربانی کو فقط ماتم اور یادداشت تک محدود نہیں رکھنا چاہیے، بلکہ اُن کے پیغام کو عملی زندگی میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ اتحاد، صبر، عدل اور حق گوئی وہ اصول ہیں جن پر کربلا کی بنیاد ہے، اور یہی اصول ہماری نجات کا راستہ ہیں۔
میں تمام مکاتبِ فکر سے اپیل کرتا ہوں کہ محرم کو اختلاف کی نہیں، اتحاد کی علامت بنائیں۔ مجالسِ عزاء اور جلوسِ ہائے عزاء کو امن، شعور اور اخوت کا ذریعہ بنائیں۔ امام حسینؑ صرف ایک فرقے کے نہیں، بلکہ پوری انسانیت کے رہبر اور مظلوموں کی آواز ہیں۔
آئیں! ہم سب مل کر پیغامِ کربلا کو زندہ کرتے ہیں اور ظلم کے خلاف آواز، حق کے لیے قیام اور امت کے درمیان محبت و وحدت کا پیغام عام کرتے ہیں۔
والسّلام علی من أتبع الهدى
شیخ محمد حسن جعفری









آپ کا تبصرہ