حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ حوزہ علمیہ ایران، آیتاللہ علی رضا اعرافی نے کوالالمپور میں ملائیشیا کے وزیرِ امور دینی، داتو سری ڈاکٹر محمد نعیم بن مختار سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دینی و ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
اس ملاقات میں ایران کے سفیر محمدی، کلچر ہاؤس کے سربراہ ارزانی، حوزہ علمیہ کے معاون برائے بین الاقوامی امور حجۃ الاسلام حسینی کوہساری اور دفتر ادیان و مذاہب کے ڈائریکٹر حجۃ الاسلام امین الدین بھی موجود تھے۔ آیت اللہ اعرافی نے ایران کی علمی، تعلیمی اور دینی میدانوں میں حاصل کی گئی کامیابیوں کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور ملائیشیا کے درمیان دینی اور علمی سطح پر قریبی روابط دونوں ممالک کے لیے سود مند ثابت ہوں گے۔
وزیرِ امور دینی ملائیشیا نے ایرانی وفد کی شرکت اور علمی خدمات کو سراہتے ہوئے اپنی وزارت کے مختلف شعبوں جیسے اوقاف، حج، زکات، بین الاقوامی تعاون، دینی فتاویٰ اور تعلیمی سرگرمیوں کی تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملائیشیا کے تمام 14 ریاستوں میں الگ فتوائی کونسلیں اور اسلامی عدالتیں قائم ہیں جو دینی امور کی نگرانی کرتی ہیں۔
انہوں نے ایرانی دینی وفد کی سرگرمیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا، ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور دینی و ثقافتی تعاون کو وسعت دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔









آپ کا تبصرہ