۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
دارالعلوم دیوبند، ہندوستان

حوزہ/ دارالعلوم دیوبند، ہندوستان کے علماء کے ایک وفد نے قم میں المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے سربراہ حجۃ الاسلام و المسلمین ڈاکٹر عباسی سے ملاقات کی ۔ 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،دارالعلوم دیوبند، ہندوستان کے علماء کے ایک وفد نے قم میں المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے سربراہ حجۃ الاسلام و المسلمین ڈاکٹر عباسی سے ملاقات کی ۔

ڈاکٹر عباسی نے ہندوستانی علماء کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا: ایران اور ہندوستان اور ان دونوں ممالک کے عوام کا صدیوں سے گہرا تاریخی تعلق رہا ہے اور یہ تاریخی رشتہ مستقبل میں بھی باہمی تعاون کی راہ ہموار کرے گا۔

انہوں نے ایران اور ہندوستان کی مشترکہ ثقافتی روایات کا ذکر کرتے ہوئے کہا:برصغیر میں صدیوں سےاس خطے کے لوگوں کی ایک مشترکہ زبان کے طور پر، فارسی زبان عام رہی ہے۔ یہاں تک کہ مصنفین نے بھی فارسی زبان کے مختلف ادوار کو تقسیم کرتے ہوئے ہندوستانی طرز کا ذکر کیا ہے۔ ہندوستان کے ممتاز شاعروں اور ادیبوں نے بھی فارسی زبان میں گرانقدر ادبی ورثہ چھوڑا ہے جسے سے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات کی گہرائی ظاہر ہوتی ہے۔ ان تاریخی تعلقات کی بنیاد پر آج بھی دونوں ممالک کے درمیان بہت اچھے تعلقات قائم ہیں اور آج کی یہ ملاقات انہی روابط کا ایک نمونہ شمار ہوتی ہے۔

حجۃ الاسلام و المسلمین ڈاکٹر عباسی نے اپنی گفتگو کے تسلسل میں المصطفیٰ یونیورسٹی کا تعارف کراتے ہوئے کہا: المصطفیٰ یونیورسٹی ایک بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ہے جس کا قیام اسلامی انقلاب کے بعد عمل میں آیا ہے اور یہاں 135 ممالک کے طلبہ اپنی علمی پیاس بجھا رہے ہیں۔

دنیا کی ممتاز یونیورسٹی یونین میں المصطفیٰ یونیورسٹی کی رکنیت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا: المصطفیٰ یونیورسٹی کے تعلیمی مضامین اسلامی علوم، انسانی علوم (ہیومینٹیز) اور زبان اور ثقافتی علوم جیسے تین اصلی محوروں پر مشتمل ہیں جن میں 160 سے زیادہ ذیلی شعبے پائے جاتے ہیں۔ المصطفیٰ یونیورسٹی کے دروازے اسلامی علوم و معارف سے شغف رکھنے والوں کے لیے ہر وقت کھلے ہیں ۔ المصطفیٰ یونیورسٹی کے اندرون اور بیرون ملک شعبوں میں اسلام کے دوسرے مسالک اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے طلبہ بھی اپنے اپنے مذہبی تعلیمات کی بنیاد پرعلم حاصل کر رہے ہیں۔

پبلک ایجوکیشن اینڈ لائبریری سروسز کے وزیر اور ہیئت علمائے دارالعلوم دیوبند ہند کے سربراہ جناب صدیق اللہ چودھری نے المصطفیٰ یونیورسٹی میں حاضری اور ڈاکٹر عباسی سے ملاقات پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان میں المصطفیٰ یونیورسٹی کی علمی سرگرمیوں کو سراہا اور ان فعالیتوں کے لیے دارلعلوم بنگال کی جانب سے ہرممکن تعاون کا اعلان کیا۔

انہوں نے اسلامی انقلاب کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: اسلامی انقلاب کا پیغام ، اسلامی اتحاد کی صدا ہے جسے پورے عالم اسلام میں پھیلانا چاہیے اور اس سلسلے میں تمام ممکنہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانا چاہیے۔

اپنی گفتگو کے اختتام پر ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی اقوام میں ایران کے بے شمار چاہنے والے موجود ہیں، دوسری جانب سے دنیا کو علم کی تلاش بھی ہے اس لیے المصطفیٰ یونیورسٹی کے پاس اپنی علمی سرگرمیوں کو پوری دنیا میں پھیلانے کا سنہری موقع ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .