۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
خانہ فرہنگ راولپنڈی کے زیراہتمام جشن نوروز کا انعقاد

حوزہ/ خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران راولپنڈی کے سربراہ فرامرز رحمان زاد نے خانہ فرہنگ کے زیر اہتمام جشن نوروز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مناسبت دونوں ممالک کے لوگوں کو ایک دوسرے سے ملا دیتی ہے، یقیناً بہت سے ثقافتی معاملات ہیں جو ایران اور پاکستان کے لوگوں کو جوڑتے ہیں جسے ہم انہیں مشترکہ ثقافتی جڑیں کہہ سکتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پاکستان میں بہار کے آمد کو جشن بہاراں کی صورت میں مناتے ہیں جو نوروز کے ایام میں ہی یہ تہوار منایا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران راولپنڈی کے سربراہ فرامرز رحمان زاد نے خانہ فرہنگ کے زیراہتمام جشن نوروز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مناسبت دونوں ممالک کے لوگوں کو ایک دوسرے سے ملا دیتی ہے۔ یقیناً بہت سے ثقافتی معاملات ہیں جو ایران اور پاکستان کے لوگوں کو جوڑتے ہیں جسے ہم انہیں مشترکہ ثقافتی جڑیں کہہ سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کے بہت سے اشتراکات ہیں۔

سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی، سید امجد زیدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کی دوستی ہمہ گیر اور مثالی ہے۔ ایران ہمارا پڑوسی اور اسلامی ملک ہے۔ پاکستان اور ایران کی دوستی مثالی ہے اور ان شاء اللہ یہ دوستی مزید مستحکم ہو گی۔ انہوں نے نوروز کو ایران اور گلگت بلتستان کا مشترکہ ورثہ قرار دیا اور کہا کہ گلگت بلتستان میں ایران کی طرح جشن نوروز زور و شور سے منایا جاتا ہے، انڈے کو رنگ لگا کر خوبصورت کیا جاتا ہے اور انہیں ایک دوسرے کو ہدیہ کیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جشن نوروز میں گلگت بلتستان میں پولو میچ بھی کھیلا جاتا ہے اور ساتھ ہی مختلف اور خوبصورت تقریبات منعقد ہوتی ہیں۔

ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ثاقب اکبر نے بھی کہا کہ جشن نوروز ایک حسین تہوار ہے جو پاکستان کے مختلف علاقوں میں گلگت بلتستان سے لے کر ڈیرہ اسما‏عیل خان تک منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے مختلف علاقوں کو چاہئے کہ اپنے ثقافت کو محفوظ کریں کیوں کہ یہی ہماری پہچان ہے۔

علامہ حیدر علوی نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ایک فطری دین ہے، نوروز بھی ایک فطری عمل ہے اور اسلام نے بھی کبھی نوروز کی مخالفت نہیں کی۔ علامہ حیدر علوی ایرانی عوام کو نوروز کے نئے سال کا مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بہار کی آمد کے موقع پر نوروز کی شکل میں خوشی منانا ایک فطری عمل ہے صرف فرق یہی ہے کہ ایران سمیت بعض ہمسایہ ممالک نیز ہمارے گلگت بلتستان کے عوام اسے ایک تہوار کی شکل میں مناتے ہیں۔انہوں نے جشن نوروز کے موقع پر سجائے جانیوالے ہفت سین کے دسترخوان کی بھی تعریف کی اور اسے خوبصورتی کا ایک مجموعہ قرار دیا۔

اس تقریب میں نمل یونیورسٹی شعبہ فارسی کی سربراہ ڈاکٹر عنبر یاسمین، فارسی زبان کی استاد ڈاکٹر رضیہ اکبر، ڈاکٹر شگفتہ یاسمین عباسی، دانشور اور مظفر علی کشمیری نے بھی جشن بہار کےحوالے سے مقالات پیش کیے۔ خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران راولپنڈی کے زیر اہتمام منعقدہ اس تقریب میں جڑواں شہر کی مختلف سیاسی، مذہبی، سماجی، ثقافتی اور علمی شخصیات کے ساتھ ساتھ اسلام آباد میں مقیم ایرانی سفارت کاروں نے شرکت کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .