حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مغربی بنگال کے ممتاز عالم دین لائبریرین منسٹر اور جمعیتِ علمائے بنگال کے صدر مولوی صدیق الله چوہدری نے نمائندہ ولی فقیہ ہند حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر عبد المجید حکیم الہیٰ سے نئی دہلی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے کلچرل ہاؤس میں ملاقات کی؛ ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے عالمِ اسلام کی موجودہ صورتِ حال، ثقافتی و دینی تعاون کے فروغ اور جمعیتِ علمائے بنگال کی سرگرمیوں پر تفصیلی گفتگو کی۔
نمائندہ ولی فقیہ ہند نے مولوی صدیق الله چوہدری کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہندوستانی علمائے کرام کی دینی اور ثقافتی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں مسلمانوں اور غیر مسلموں کے درمیان پُرامن زندگی اسلام کی روشن تعلیمات اور علمائے کرام کی مجاہدانہ کوششوں کا ثمر ہے۔
نمائندہ ولی فقیہ ہند نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ایران اور رہبرِ انقلابِ اسلامی کے ساتھ ہندوستانی مسلمانوں اور غیر مسلمانوں کی والہانہ محبت اور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت میں آپ لوگوں کی مخلصانہ دعائیں اور حمایت الٰہی، برکتوں کے نزول اور حق کے محاذ کی کامیابی کا سبب بنیں۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے ایران اور ہندوستان کے درمیان علمی، ثقافتی اور مذہبی روابط کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اتفاق کیا کہ عنقریب دونوں ممالک کے علماء اور دانشور کے درمیان مشترکہ اجلاس اور ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔
مولوی صدیق الله چوہدری نے رہبرِ انقلابِ اسلامی کے لیے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ براہِ کرم ہمارا سلام اور دعائیں رہبرِ انقلابِ اسلامی تک پہنچا دیجیے۔ ہم ان کی صحت و سلامتی کے لیے دعاگو ہیں، ان کی رہنمائی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے، کیونکہ وہ تمام مظلوموں کے سچے حامی ہیں اور ہم بھی مظلوموں کی حمایت کرتے ہیں اور ہمیشہ آپ کا ساتھ دیتے رہیں گے۔









آپ کا تبصرہ