حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حیدرآباد/ رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے ہندوستان میں نمائندہ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر عبدالمجید حکیم الہی نے حیدرآباد دکن میں کل ہند شیعہ مجلسِ علماء و ذاکرین کے دفتر شریعت کدہ نورخاں بازار میں شہر کے تمام علماء و ذاکرین سے ملاقات کی۔
اس موقع پر نمائندۂ ولیِ فقیہ ہند نے تمام علماء و خطباء سے خطاب کرتے ہوئے شہزادیِ دو عالم حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے فضائل و مناقب بیان کیے۔
انہوں نے نوجوان نسل کی بگڑتی ہوئی طرزِ زندگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ آج سوشل میڈیا نے ہماری نوجوان نسل کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ انہوں نے مختلف اخبارات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سال 2025 میں ایک بڑی شرح کے مطابق نوجوان اپنی زندگی کے قیمتی لمحات ضائع کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر حکیم الہی نے فرمایا کہ ہم علماء کی یہ ذمہ داری ہے کہ ہم سوشل میڈیا پر فعال رہیں اور نوجوانوں تک صحیح اسلامی پیغام پہنچائیں۔ اگر ہم خود کو الگ کر لیں گے تو منفی اور شیطانی طاقتیں وہاں غالب آ جائیں گی۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم میدان میں رہتے ہوئے صحیح رہنمائی کا فریضہ انجام دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ علما کو جدید تقاضوں سے آشنا کرنے کے لیے ورکشاپس اور تربیتی نشستوں کا انعقاد کرنا چائیے تاکہ مصنوعی ذہانت (AI) جیسے نئے وسائل کو مثبت اور دینی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے۔
آخر میں کل ہند شیعہ مجلسِ علماء و ذاکرین کے صدر ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آقا نے تمام مہمانانِ گرامی اور علما کا شکریہ ادا کیا اور اس ملاقات کو نہایت مفید و بابرکت قرار دیا۔










آپ کا تبصرہ