بدھ 26 نومبر 2025 - 17:02
مبلغین ایام فاطمیہ کی فرصت سے بھرپور فائدہ اٹھائی اور ںسیرت زہرا (س) کو عام کریں: نمائندہ ولی فقیہ ہندوستان

حوزہ/ ہندوستان میں رہبرِ انقلاب کے نمائندے حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر عبدالمجید حکیم الٰہی کا ممبئی میں مجتمع علماء و خطباء کی جانب سے پُرزور استقبال کیا گیا۔ ماہانہ اجلاس میں ایرانی قونصلیٹ اور کلچرل ہاؤس کے عہدے داران بھی شریک تھے، جہاں مبلغین کی ذمہ داریوں، قانون کے احترام اور دینی خدمات کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجتمع علماء و خطباء ممبئی کے زیر اہتمام منعقدہ ماہانہ اجلاس میں شہر بھر سے آئے ہوئے علمائے کرام نے ہندوستان میں نمائندۂ ولی فقیہ حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر عبدالمجید حکیم الٰہی کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔

اجلاس میں ایرانی سفارت خانہ ممبئی کے قونصلیٹ جنرل جناب محسنی‌فر اور ایرانی کلچرل ہاؤس کے ڈائریکٹر جناب فاضل بھی شریک رہے۔

نمائندہ ولی فقیہ ڈاکٹر حکیم الٰہی نے ایامِ عزائے فاطمیہ کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے کہا: "مبلغین کو چاہیئے کہ اس عظیم فرصت سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی سیرت کو عام کریں، خصوصاً خواتین شہزادی کی پاکیزہ سیرت پر عمل کر کے دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کرسکتی ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کے قانون اور نظام کا احترام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور دائرۂ قانون میں رہتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنا اور دین و سماج کی خدمت کے لیے زیادہ سے زیادہ کام کرنا چاہیے۔

تقریب کے اختتام پر انہوں نے علمائے کرام اور مومنین کا شکریہ ادا کیا۔

قونصلیٹ جنرل جناب محسنی‌فر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی تہذیب و ثقافت محبت اور اخلاص کا حسین امتزاج ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران اور ہندوستان کی تہذیبوں میں گہری مماثلت ہے، جس کے باعث دونوں ملکوں کے لوگ فطری طور پر ایک دوسرے کے قریب محسوس کرتے ہیں۔

اجلاس میں مجتمع علماء و خطباء کے صدر حجت الاسلام مولانا سید فیاض باقر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہر ماہ اس اجلاس میں دینی و اجتماعی مسائل پر غور و فکر کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا: "اس ماہ کے اجلاس میں نمائندہ ولی فقیہ کی آمد نے پروگرام کو مزید روحانیت عطا کی اور ان کی نصیحتوں سے استفادہ کا بہترین موقع ملا۔"

مولانا فیاض باقر نے مزید بتایا کہ مجتمع کی جانب سے علمی و فکری مسائل کے حل تلاش کیے جاتے ہیں اور محدود وسائل کے باوجود مبلغین کی مالی معاونت کی جاتی ہے، خصوصاً ماہِ رمضان میں شہر کے مختلف علاقوں میں دینی کلاسیں منعقد کی جاتی ہیں۔

مجتمع کے سکریٹری حجت الاسلام مولانا کلب جعفر خان نے مہمانوں کی میزبانی کے فرائض انجام دیے اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

اجلاس میں پونہ سے تشریف لائے حجت الاسلام مولانا سید اسلم رضوی نے نمائندہ ولی فقیہ، قونصلیٹ جنرل اور کلچرل ہاؤس کے ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کیا اور ہندوستانی مؤمنین کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔

پروگرام کا اختتام دعائیہ کلمات پر ہوا، جس کے بعد نمائندہ ولی فقیہ نے حاضرین سے فرداً فرداً ملاقات بھی کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha