حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شہرِ ممبئی ہندوستان کی معروف اور تاریخی مغل مسجد میں ایک پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہندوستان میں رہبرِ معظم انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی حسینی خامنہ ای کے نمائندہ، حجہ الاسلام والمسلمین جناب آقائے مہدی مہدوی پور کی خدمات پر اظہارِ امتنان کیا گیا اور ساتھ ہی ان کے جانشین جناب ڈاکٹر حکیم الہی کا پُرجوش استقبال بھی کیا گیا۔

اس باوقار تقریب میں ممبئی کے جید علماء کرام، افاضل، دانشوران اور سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور آقائے مہدوی پور کی دینی، ملی و سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے فرائض جناب معجز صاحب گونڈی نے انجام دئیے، جس کے بعد متعدد معزز مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
آقائے حسین مہدی حسینی نے آقائے مہدوی پور کی ہندوستان میں 15 برسوں پر محیط خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
مکمل تصاویر دیکھیں:
عروس البلاد ممبئی کی تاریخی مغل مسجد میں شاندار تقریب امتنان و استقبال
شہر کے بزرگ و نامور عالم دین حجہ الاسلام والمسلمین جناب آقائے حسین مہدی حسینی نے جناب حجہ الاسلام والمسلمین جناب آقائے مہدوی پور کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اور نئے نمائندے کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ"ہم رہبر انقلاب اسلامی کے ہندوستان میں نمائندہ، جناب ڈاکٹر حکیم الہی کا خیر مقدم کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ وہ آقائے مہدوی پور کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملت کی خدمت کریں"۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آقائے مہدوی پور نے ہندوستان سے اپنی گہری وابستگی اور یہاں کے عوام کی محبت کو یاد کرتے ہوئے ڈاکٹر حکیم الہی کا تعارف پیش کیا اور ان کے لیے دعائیں کیں کہ وہ اس عظیم ذمہ داری کو احسن انداز میں نبھائیں۔

انہوں نے کہا کہ "ہندوستان کی سرزمین میرے دل کے بہت قریب ہے، یہاں کے لوگوں کی محبت، خلوص اور ان کی یادیں ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گی"۔
اس تقریب میں بزرگ عالم دین حجہ الاسلام والمسلمین جناب حسنین کراروی صاحب بھی تشریف فرما تھے، جنہوں نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ"آقائے مہدوی پور نے ہندوستان میں نہ صرف مذہبی قیادت کی، بلکہ اتحاد بین المسلمین کو بھی فروغ دیا، ہم ان کے شکر گزار ہیں"۔
جناب حسنین کرراوی نے آقائے مہدوی پور کی قربانیوں اور خدمات کا اعتراف کرتے ہویے نئے نمائندہ ولی فقیہ ڈاکٹر حکیم الہی کو خوش آمدید کہا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
پروگرام کی نظامت معروف صحافی جناب احمد کاظمی نے نہایت خوبصورت انداز میں انجام دی، جبکہ ان کا بھرپور ساتھ شہر کی معزز شخصیت و بزرگ عالم دین و خطیب مولانا ظہیر عباس رضوی نے دیا۔
معروف صحافی و تقریب کے ناظم جناب احمد کاظمی جو اپنے فرائض کی ادائیگی کے لئے اس تقریب میں دہلی سے تشریف لائے تھے نے کہا کہ مغل مسجد میں یہ روح پرور تقریب ہمارے دلوں کو جوڑنے کا ذریعہ ہے"۔
انہوں نے نظامت کے دوران امام خمینی رح کے ارشادات کے مختلف اقتباسات پیش کرتے ہوئے پروگرام کو مزید بارونق بنا دیا۔
پروگرام کے اختتام پر مغل مسجد کے امام جماعت، سید نجیب الحسن زیدی نے تمام مہمانوں، علماء، شرکاء اور منتظمین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "یہ پروگرام اس بات کی علامت ہے کہ ہماری قوم اپنے علماء و رہنماؤں کی قدر کرنا جانتی ہے جب نائب امام کے نمائندہ کے لیے اتنے لوگ جمع ہوئے ہیں تو یقیناً زمانے کے امام کے استقبال کے لئے اور بھی بہتر انداز میں ہم سب اکھٹا ہوں گے۔
انہوں تقریب میں موجود مدارس کے طلاب کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم خصوصی طور پر سب سے پہلے اس پروگرام میں حاضر ان طلاب کرام کے شکر گزار ہیں جو نہایت مشکلات اور چوطرفہ سختیوں کے باوجود مدارس کی رونق ہیں اور ہر ایک پروگرام کے روح رواں رہتے ہیں۔
انہوں نے پروگرام میں شریک تمام جوانوں، خدمت گزاروں اور بزم میں موجود معمر و بزرگ افراد کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی پروگرام کو کامیاب بنانے والے تمام ذمہ داروں اور شیعہ یوتھ فیڈریشن کے لئے شکریہ کے ساتھ نیک تمناؤں کا اظہار کیا کہ جس کے تعاون سے یہ پروگرام منعقد ہوا ۔
پروگرام میں ممبئی میں ایرانی قونصلیٹ کے سربراہ جناب ڈاکٹر محسنی فر کے ساتھ شہر ممبئی میں ایرانی کلچر ہاؤس کے ڈائرکٹر جنرل جناب آقائے فاضل بھی موجود تھے۔
آخر میں شہر کی معزز شخصیات اور اداروں کی جانب سے آقائے مہدوی پور اور جناب حکیم الہی کو شال اور گلدستے پیش کر کے ان کی خدمات کا اعتراف اور ان کے لیے خیر مقدم کیا گیا۔
یہ تقریب نہ صرف ایک یادگار لمحہ تھی، بلکہ اتحادِ امت، علم و روحانیت اور دینی قیادت سے جڑی اقدار کی تجدید کا مظہر بھی بنی۔









آپ کا تبصرہ