منگل 29 اپریل 2025 - 19:15
حجۃ الاسلام مہدی مہدوی پور کے اعزاز میں سبیل میڈیا کی روحانی تقریب، دینی خدمات کا اعتراف اور خراجِ تحسین

حوزہ/ حجۃ الاسلام و المسلمین مہدی مہدوی پور نے اس نشست میں سبیل میڈیا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے سوشل میڈیا کے موجودہ دور میں دینی و اخلاقی تبلیغ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سبیل میڈیا کے بچوں کے لیے نشر کیے جانے والے مقبول پروگرام یوسف و مریم کو وقت کی ایک اہم اور بنیادی ضرورت قرار دیا اور ادارے کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سبیل میڈیا کے دفتر قم، ایران میں ایک باوقار اور پُرنور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ محفل رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای مدظلہ العالی کے سابق نمائندہ ولی فقیہ برائے ہند، حجۃ الاسلام والمسلمین آقای مہدی مہدوی پور دامت برکاتہ کے اعزاز میں سجائی گئی۔

تقریب کا مقصد ہندوستان میں آقای مہدوی پور کی 15 سالہ گراں قدر اور مخلصانہ خدمات کا اعتراف اور ان کی دینی و ملی خدمات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ اسی موقع پر سبیل میڈیا کی جانب سے ایک خوبصورت لوحِ تقدیر و تشکر پیش کی گئی۔

اس روحانی محفل میں سبیل میڈیا گروپ کے معزز اراکین جناب ضمیر عباس جعفری، جناب سید محمد جون عابدی، جناب سید محمد جعفر زیدی سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی اور اس تاریخی لمحے کا حصہ بنے۔

آقای مہدوی پور نے اس نشست میں سبیل میڈیا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے سوشل میڈیا کے موجودہ دور میں دینی و اخلاقی تبلیغ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سبیل میڈیا کے بچوں کے لیے نشر کیے جانے والے مقبول پروگرام یوسف و مریم کو وقت کی ایک اہم اور بنیادی ضرورت قرار دیا اور ادارے کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا۔

آخر میں، آقای مہدوی پور نے سبیل میڈیا، ہندوستان، اہل غزہ، لبنان اور دنیا بھر کے مظلومین کے لیے سلامتی، کامیابی اور نصرتِ الٰہی کی دعا فرمائی، اور اس کارِ خیر میں مزید برکت و توفیق کی دعا کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha