پیر 27 اکتوبر 2025 - 19:42
لکھنؤ؛ مجرموں کی گرفتاری نہیں ہوئی تو ہم اپنی گرفتاری دیں گے، مولانا کلب جواد نقوی

حوزہ/کربلا عباس باغ اور حسین آباد ٹرسٹ کی املاک پر جاری ناجائز قبضوں اور امام جمعہ مولانا کلب جواد نقوی پر زمین مافیاز کے ذریعے کئے گئے حملے کے خلاف کربلا عباس باغ ٹھاکر گنج ہندوستان میں ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا؛ جس میں بلا تفریق مذہب وملت کے لوگوں نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کربلا عباس باغ اور حسین آباد ٹرسٹ کی املاک پر جاری ناجائز قبضوں اور امام جمعہ مولانا کلب جواد نقوی پر زمین مافیاز کے ذریعے کئے گئے حملے کے خلاف کربلا عباس باغ ٹھاکر گنج ہندوستان میں ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا؛ جس میں بلا تفریق مذہب وملت کے لوگوں نے شرکت کی۔

احتجاجی مظاہرے میں ہندو مسلم اور شیعہ وسنّی اتحاد کا زبردست مظاہرہ ہوا اور جو لوگ فرقہ پرستی اور مذہبی منافرت کو ہوا دینا چاہتے تھے ان کی سرکوبی کی گئی۔

لکھنؤ؛ مجرموں کی گرفتاری نہیں ہوئی تو ہم اپنی گرفتاری دیں گے، مولانا کلب جواد نقوی

لکھنؤ؛ مجرموں کی گرفتاری نہیں ہوئی تو ہم اپنی گرفتاری دیں گے، مولانا کلب جواد نقوی

تمام شرکاء نے زمین مافیاز کے شرپسندانہ حملے اور وقف املاک پر غیر قانونی تعمیرات وتجاوزات کی مذمت کرتے ہوئے مولانا کلب جواد پر ہوئے حملے کے مجرموں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

احتجاجی جلسے کا آغاز قرآن مجید کی تلاوت سے قاری صغیر احمد نے کیا۔

سنّی عالم مولانا اکرم ندوی نے وحدت اسلامی کی اہمیت پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ حالات کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے ہمیں اپنی قیادت کو مضبوط کرنا ہوگا؛ یہ وقت انتشار اور اختلاف کا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا کلب جواد نقوی کے مطالبات پر سرکار کو غور کرنا چاہیے ساتھ ہی ان پر حملے کے مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کرکے جیل بھیجا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہاکہ جو لوگ شیعوں اور سنیوں کے درمیان تفریق پیدا کرتے تھے وہ اب کمزور ہورہے ہیں ۔ہمیں شیعہ وسنّی کے بجائے خود کو ’محمدی ‘ کہنا چاہیے؛ جس طرح ایران نے پوری دنیا کو ’ملت محمدی ‘ کے عنوان سے خود کو پہچنوایا اور اسلام دشمن طاقتوں سے لوہا منوا لیا، ہمیں اس سے درس لینا چاہیے۔

لکھنؤ؛ مجرموں کی گرفتاری نہیں ہوئی تو ہم اپنی گرفتاری دیں گے، مولانا کلب جواد نقوی

انہوں نے کہا کہ ہم انصاف کی لڑائی میں مولانا کے ساتھ ہیں اور انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

مجلس اتحاد المسلمین کے ریاستی صدر حاجی شوکت علی نے کہا کہ مسلمانوں کو تمام تر اختلافات کو بھلا کر متحد ہونا ہوگا یہی وقت کا تقاضا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجلس اتحاد المسلمین کے سکریٹری اسدالدین اویسی تحفظ اوقاف تحریک میں مولانا کلب جواد نقوی کے ساتھ ہیں اور جب بھی ان کی ضرورت ہوگی وہ لکھنؤ آنے کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اوقاف ہماری ملکیت ہیں ہم انہیں لٹتا ہوا نہیں دیکھ سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری تقدیر کا فیصلہ کوئی سیاست دان نہیں کرے گا؛ اس قوم کو سیاسی طور پر بیدار ہونا پڑے گا، تاکہ جس ایوان سے ہماری بربادی کے لئے قانون بنائے جاتے ہیں، ان طاقتوں کے خلاف لڑا جاسکے۔

لکھنؤ؛ مجرموں کی گرفتاری نہیں ہوئی تو ہم اپنی گرفتاری دیں گے، مولانا کلب جواد نقوی

انہوں نے کہا کہ انصاف کی اس لڑائی میں جب بھی مولانا کلب جواد صاحب ہمیں بلائیں گے ہم ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

مجلس اتحاد المسلمین کے رکن شیخ طاہر علی صدیقی نے کہا کہ دستور ہند نے ہمیں یہ حق دیاہے کہ اپنے اوقاف کی حفاظت کریں اور جو لوگ اوقاف پر بری نظر رکھتے ہیں ان کے خلاف قانونی لڑائی لڑی جائے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں مسلمانوں کے خلاف ناانصافی بڑھتی جارہی ہے لہذا اب ہمیں متحد ہوکر ظلم کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اوقاف کی اس تحریک میں مولانا کے ساتھ ہیں ۔جن لوگوں نے مولانا پر حملہ کیا انہیں فوراً سنگین دفعات کے تحت گرفتار کیا جانا چاہیے۔

لکھنؤ؛ مجرموں کی گرفتاری نہیں ہوئی تو ہم اپنی گرفتاری دیں گے، مولانا کلب جواد نقوی

راشٹریہ مت داتا پارٹی کے رکن شیخ سراج بابا نے کہا کہ مولانا کلب جواد صاحب صرف شیعوں کے عالم نہیں ہیں بلکہ سنّی بھی ان کا بے حد احترام کرتے ہیں۔ ہم ہرگز ان کی بے حرمتی برداشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے مولانا پر حملے کی کوشش کی ان کی جانچ ہونی چاہیے کہ وہ کون ہیں اور کس کے اشارے پر ایسا کر رہے تھے ۔

انہوں نے سرکار اور ضلعی انتظامیہ سے مجرموں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کلب جواد نقوی کے مطالبات پر سرکار کو دھیان دینا چاہیے۔

مولانا سرتاج حیدر زیدی نے حسین آباد ٹرسٹ اور اوقاف کی املاک پر جاری ناجائز قبضوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت بیدار ہونے کا ہے کہیں ایسا نہ ہوکہ دیر ہو جائے۔ اپنی جائیدادیں لٹنے سے پہلے بیدار ہو جائیے اور اپنے قائد کی آواز پر لبیک کہیے۔

انہوں نے کہا کہ حسین آباد ٹرسٹ میں بدعنوانی جاری ہے اور اس کا معاملہ نہایت سنگین ہے جس پر قوم کو مولانا کلب جواد کی حمایت کرنی چاہیے، تاکہ ٹرسٹ کی املاک کا تحفظ ہوسکے۔

لکھنؤ؛ مجرموں کی گرفتاری نہیں ہوئی تو ہم اپنی گرفتاری دیں گے، مولانا کلب جواد نقوی

بھیم آرمی کے ضلعی صدر سریندر سنگھ نے کہا کہ مولانا پر جن لوگوں نے حملہ کیا انہیں فوراً گرفتار کرکے جیل بھیجا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بھیم آرمی مولانا کے ساتھ ہے اور جب بھی وہ اشارہ کریں گے ہم پوری طاقت کے ساتھ ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

شیعہ وقف بورڈ کے رکن مولانا رضا حسین رضوی نے کہا کہ ۱۳ اکتوبر کو مولانا پر ہونے والا حملہ قابل مذمت ہے؛ افسوس یہ ہے کہ پولیس نے مقدمہ تو درج کیا ہے مگر مجرموں کو اب تک سنگین دفعات کے تحت گرفتار نہیں کیا گیا۔

انہوں نے مجرموں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جو ناجائز تعمیرات کربلا عباس باغ کی زمین پر ہوئی ہیں انہیں رکوایا جائے اور وقف املاک کربلا کو واپس دیاجائے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا کے مخالف وہ لوگ ہیں جو زمین مافیاز ہیں اور وہی لوگ اس حملے میں شامل تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر مجرموں کو گرفتار نہیں کیا گیا تو ہم عوامی تحریک شروع کریں گے۔

سابق جسٹس بی ڈی نقوی نے مولانا کلب جواد پر ہوئے شرپسندانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے مجرموں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ہمیں متحد ہوکر ظلم کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔

آخر میں مولانا سید کلب جواد نقوی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اتحاد کی دعوت دی اور کہا کہ ہمیں ایسا سمندر بننا ہے جس میں ظلم کی ہر نائو ڈوب جائے۔

مولانا نے کہا کہ جو لوگ فلسطین ،لبنان اور یمن کے مظلوموں کے لئے زبان کو جنبش نہیں دے سکے؛ ان سے ہمیں ہرگز یہ توقع نہیں ہے کہ وہ ہم پر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔

لکھنؤ؛ مجرموں کی گرفتاری نہیں ہوئی تو ہم اپنی گرفتاری دیں گے، مولانا کلب جواد نقوی

انہوں نے کہا کہ جو لوگ وقف بل پر خاموش رہے وہ وقف املاک کی بربادی پر گھروں سے نہیں نکلیں گے۔ حسین آباد ٹرسٹ لوٹ لیا گیا مگر کسی نے ضلع مجسٹریٹ کے خلاف ایک بیان تک نہیں دیا، تحریک میں شامل ہونا تو دور کی بات ہے۔

مولانا نے۱۳ اکتوبر کو ہوئے حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ضلع انتظامیہ کا رویہ جانب دارانہ تھا۔ پولیس صرف ہماری ویڈیو بنارہی تھی، لیکن مجرموں کی کوئی ویڈیو پولیس نے نہیں بنائی۔

مولانا نے کہا کہ اگر مجرموں کو گرفتار نہیں کیا گیا تو ہم تھانے کا گھیراؤ کرکے اپنی گرفتاریاں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک اوقاف کی املاک کی بازیابی نہیں ہوتی اور ناجائز تعمیرات کو روکا نہیں جا تاہم احتجاج کرتے رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ حسین آباد ٹرسٹ میں جاری بدعنوانیوں کے خلاف بھی ہم قانونی لڑائی لڑ رہے ہیں جس میں کامیابی کا عندیہ ملا ہے، ان شاءاللہ مکمل کامیابی بھی ہمیں ملے گی۔

مولانا نے مزید کہا کہ زمین مافیاز نے اپنے غنڈے بھیجے ہوئے تھے جنہوں نے بدکلامی کی اور گاڑی کا محاصرہ کرکے ایسی ایسی باتیں کہیں جن کو یہاں بیان نہیں کیا جا سکتا۔

لکھنؤ؛ مجرموں کی گرفتاری نہیں ہوئی تو ہم اپنی گرفتاری دیں گے، مولانا کلب جواد نقوی

مولانا کلب جواد نقوی کی تقریر کے دوران حملے کی مختصر ویڈیو بھی مظاہرین کو دکھلائی گئی؛ جس میں زمین مافیاز کے غنڈے مذہبی نعرے لگا کر معاملے کو ہندو مسلم بنانے کی کوشش کر رہے تھے، ساتھ ہی وہ مولانا اور ان کے ساتھیوں کے ساتھ انتہائی بدکلامی کررہے تھے؛ پوری ویڈیو احتجاج میں نشر نہیں کی گئی، تاکہ عوام مشتعل نہ ہوں، لیکن پولیس کو مکمل ویڈیو دیا گیا ہے۔

احتجاجی جلسے کو مولانا تفسیر حسین، مولانا شباہت حسین، ڈاکٹر حیدر مہدی، عامر صابری، مولانا منظر علی عارفی، میثم رضوی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

لکھنؤ؛ مجرموں کی گرفتاری نہیں ہوئی تو ہم اپنی گرفتاری دیں گے، مولانا کلب جواد نقوی

جلسے میں مولانا رضا حسین رضوی ،مولانا تسنیم مہدی زید پوری، مولانا محمد ابراہیم، مولانا قمر الحسن، مولانا فیض عباس مشہدی، مولانا شاہنواز حیدر، مولانا سرتاج حیدر، مولانا محمد موسیٰ، مولانا نذر عباس زیدی، مولانا حسن جعفر، مولانا عادل فراز، مولانا فیروز حسین، مولانا قربان علی، مولانا اصغر مہدی، مولانا غضنفر نواب، مولانا زوار حسین، مولانا رضوان حیدر اور دیگر علماء موجود رہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha