اتوار 26 اکتوبر 2025 - 15:37
ماہنامہ ”صدائے علم”؛ معلوماتی اور اہداف سے بھرپور علمی و ادبی مجلہ

حوزہ/ ماہنامہ صدائے علم جامعہ بیت العلم، پھندیڑی سادات کا نہایت سنجیدہ، معلوماتی اور اہداف سے بھرپور ایک علمی و ادبی رسالہ ہے۔

مبصر: مولانا سید رضی حیدر پھندیڑوی

حوزہ نیوز ایجنسی| ماہنامہ صدائے علم جامعہ بیت العلم، پھندیڑی سادات کا نہایت سنجیدہ، معلوماتی اور اہداف سے بھرپور ایک علمی و ادبی رسالہ ہے۔

اس ماہ کے بابرکت مجلے سے میرا تعارف اُس وقت ہوا جب میں اُس کتاب خانہ میں مطالعہ میں مشغول تھا جہاں کبھی ڈاکٹر ذاکر حسین، گاندھی جی اور جواہر لال نہرو جی نے بھی اپنی علمی پیاس بجھائی۔ اس کتاب خانہ کے بانی عالی مرتبت عالمِ دین جناب علامہ شبلی نعمانیؒ نے جس اخلاصِ نیت اور عظمتِ فکر سے اسے تاسیس فرمایا آج کتاب خانہ شبلی نعمانی (دارالمصنفین شبلی اکیڈمی اعظم گڑھ) کا وجود اسی خلوص کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اگرچہ میرا مقصد یہاں اس کتاب خانہ پر تفصیلی گفتگو کرنا نہیں ہے لیکن اسی مقام پر بیٹھ کر ماہنامہ صدائے علم کی عظمت پر چند سطور رقم کرتا ہوں تاکہ اس مجلہ کا رابطہ بھی تاریخ کے اسی روشن دریچے سے وابستہ ہو سکے۔

ماہنامہ صدائے علم کے مطالعے سے اندازہ ہوتا ہے کہ ادارہ نہ صرف علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ میں مصروف ہے بلکہ نوجوان نسل کی فکری تربیت کو بھی خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ رسالے کے مضامین دینی، تاریخی اور فکری حوالوں سے قاری کے علم میں اضافہ کرتے ہیں اور اسے سنجیدہ مطالعے کی طرف راغب کرتے ہیں۔

اس شمارے میں اہلِ بیتؑ کی حیاتِ طیبہ، کربلا کے ابدی دروس، اخلاقی تربیت، عبادت کے روحانی پہلو اور تزکیۂ کردار جیسے موضوعات پر بصیرت افروز مضامین شامل ہیں۔ زبان شستہ، رواں اور شگفتہ ہے جبکہ اسلوبِ بیان میں اخلاص، احترام اور اعتدال نمایاں دکھائی دیتا ہے۔ ہر مضمون حوالہ جاتی معیار اور تحقیقی توازن کا حامل ہے جو قاری کو اعتماد اور اطمینان بخشتا ہے۔

رسالے کی ادارت، ترتیب اور انتخابِ مضامین میں جس سنجیدگی، محنت اور فکری توازن کا مظاہرہ کیا گیا ہے وہ لائقِ تحسین ہے۔ نوجوان لکھاڑیوں کو قلم آزمائی کا پلیٹ فارم فراہم کرنا رسالے کی ایک نمایاں خوبی ہے جو صحافتی ذوق کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

صدائے علم کی ایک امتیازی خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہ محض معلومات فراہم نہیں کرتا بلکہ فکر کو مثبت سمت عطا کرتا ہے، قارئین کو اسلامی اقدار، تہذیبی ورثے اور روحانی اخلاقیات سے آشنائی بخشتا ہے۔ موجودہ دور کے فکری و اخلاقی انتشار میں یہ رسالہ یقیناً ایک نعمتِ غیر مترقبہ کی حیثیت رکھتا ہے۔

مجموعی طور پر یہ رسالہ طلبہ، اساتذہ، اہلِ علم اور عام قارئین کے لئے یکساں مفید اور قابلِ استفادہ ہے۔ ادارۂ رسالہ اور تمام معاونین مبارک باد کے مستحق ہیں کہ وہ ایک اہم اور عظیم علمی خدمت انجام دے رہے ہیں۔

امید ہے کہ یہ سلسلہ اسی جذبے، اخلاص اور معیار کے ساتھ جاری رہے گا اور آنے والے شمارے بھی علمی و ادبی دنیا کے لیے قیمتی سرمایہ ثابت ہوں گے۔ آمین والحمدللہ رب العالمین۔

پی ڈی ایف فائل حاصل کرنے کے لئے یہاں کلک کریں

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha

تبصرے

  • دلبر اعظمی IN 21:26 - 2025/10/26
    جزاک اللّہ
  • تفضل حسین IN 06:30 - 2025/10/27
    بہت اچھا کام کر رہے ہیں مجلہ سب جگہ نہیں پہنچ سکتا تبصرہ کے طفیل میں پی ڈی ایف پہنچ جاتی ہے
  • دلشاد حیدر IN 07:01 - 2025/10/27
    ماشاءاللہ خدا ترقی عطافرمائے آمین
  • داؤد حسنی IN 07:47 - 2025/10/27
    اچھی روش ہے جزاک اللّہ
  • فہیم عباس IN 03:51 - 2025/10/28
    واہ بہت خوب اچھی کاوش
  • تبسم عالیہ IN 04:59 - 2025/10/29
    حوزہ کی یہ کاوش قابل تحسین ہے
  • محسن رضوی IN 14:03 - 2025/10/31
    قبلہ و کعبہ مولانا رضی حیدر صاحب ایک مفکر و محقق انسان ہیں اگر ان کو مزید وسائل دستیاب ہوجائیں تو یہ قوم کے لئے بہت کچھ کر سکتے ہیں وسائل کم ہونے پر بھی بہت کچھ کر رہے ہیں خدا سلامت رکھے
  • طاہر علی IN 06:26 - 2025/11/02
    اللہ حوزہ اور صداے علم خصوصا مولانا رضی کی مزید توفیقات میں اضافہ فرمائے آمین