حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، محلہ پرانی بستی بکھری مبارکپور ہندوستان میں مولانا مسرور حسن مجیدی قمی مرحوم کی اہلیہ مرحومہ کی مجلسِ سوئم منعقد ہوئی، جس میں مؤمنین اور علمائے کرام نے بھرپور شرکت کی۔
مجلس سے حجت الاسلام مولانا فیروز عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مؤمن کی پہچان عبادات سے نہیں، بلکہ معاملات سے ہوتی ہے؛ یہ مت دیکھو کہ کتنا بڑا نمازی ہے، یہ مت دیکھو کہ کتنا بڑا روزہ دار ہے، یہ مت دیکھو کہ کتنی بار حج کیا ہے، یہ مت دیکھو کہ کتنی کثرت سے عبادات انجام دیتا ہے، بلکہ یہ دیکھو کہ لوگوں کے ساتھ اس کے معاملات کیسے ہیں؛ بندوں کے حقوق بھی ادا کرتا ہے یا نہیں، جو خالق کے حقوق کے ساتھ ساتھ مخلوق کے حقوق بھی ادا کرتا ہے وہ مؤمن ہے وہ اللہ کے نزدیک مکرم ہے؛ اس سلسلے میں اہل بیت علیہم السلام کی سیرت تمام انسانوں کے لیے روشن نمونۂ عمل ہے۔

صدر العلماء حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا مسرور حسن صاحب قبلہ مجیدی قمی مبارکپوری طاب ثراہ سلطان المدارس لکھنؤ سے صدرالافاضل،مدرسۃ الواعظین لکھنؤ سے واعظ لکھنؤ یونیورسٹی سے ایم اے اور حوزہ علمیہ قم ایران سے فاضل قم تھے۔
انہوں مدرسۃ الواعظین لکھنؤ کے واعظ کی حیثیت سے ملک و بیرون ملک میں تبلیغی دورے کیے تھے؛ پھر ۱۹۸۳ء میں اسلامی تبلیغاتی مرکز ایران سے منسلک ہوئے اور افریقہ و لندن وغیرہ میں تبلیغی دورے کیے۔
مرحوم ایک طویل عرصے تک ماریشش میں امام جمعہ و جماعت تھے؛ دسمبر ۲۰۰۹ء میں کامٹی ناگپور میں حرکت قلب بند ہو جانے سے انتقال کر گئے تھے میت وطن لائی گئی اور اونچی تکیہ قبرستان مبارکپور میں آسودہ لحد ہوئے۔
مرحوم بہترین اہل قلم اور خطیب و مبلغ تھے؛ متعدد کتابوں کے مصنف و مولف تھے۔ آپ نے تفصیلی تفسیر قرآن لکھنے کا منصوبہ بنایا تھا مگر افسوس کہ مجید البیان فی تفسیر القرآن نامی پہلی جلد شائع ہوئی اور پھر موت نے مہلت نہ دی اور گزشتہ روز ۲۲؍اکتوبر کو مولانا مرحوم کی اہلیہ احمدی بانو بنت اقبال حسین مرحوم بھی دنیا سے رحلت کر گئیں اور اونچی تکیہ قبرستان مبارکپور میں تدفین ہوئی۔
مرحومہ نہایت پابند صوم و صلوٰۃ دیندار خاتون تھیں؛ ان کے اکلوتے بیٹے حجۃ الاسلام مولانا نصیر المہدی مبارکپوری قمی ہیں جو اکثر قم میں رہتے ہیں۔
مرحومہ کی مجلسِ سوئم میں مولانا ابن حسن املوی، مولانا جواد حیدر کربلائی، مولانا ناظم علی خیرآبادی، مولانا منہال رضا، مولانا نفیس اختر، مولانا محمد داؤد، مولانا کرار حسین اظہری، مولانا حسن اختر عابدی، مولانا مرقال رضا، مولانا کونین رضا، مولانا کاظم حسین، مولانا اقتدار حسین سمیت کثیر تعداد میں مؤمنین نے شرکت کی۔

مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے زنانی مجلس سوئم اسی روز ۲؍بجے دوپہر کو بیت المجید محلہ پرانی بستی بکھری میں منعقد ہوئی، جس میں کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔









آپ کا تبصرہ