منگل 28 اکتوبر 2025 - 16:23
خَلق اللہ کا کنبہ ہے اور خدمتِ خَلق سماج و معاشرے کی شیرازہ بندی کی علامت: مولانا ابن حسن املوی

حوزہ/شاہ محمد پور مبارک پور ہندوستان میں اے۔ ایم۔ آر میڈیکل اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ کا ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ شاندار کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا؛ اس فری میڈیکل کیمپ میں متعدد مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شاہ محمد پور مبارک پور ہندوستان میں اے۔ ایم۔ آر میڈیکل اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ کا ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ شاندار کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

خَلق اللہ کا کنبہ ہے اور خدمتِ خَلق سماج و معاشرے کی شیرازہ بندی کی علامت: مولانا ابن حسن املوی

خداوند عالم نے مخلوق کی خدمت کو اپنی خدمت قرار دیا ہے ۔مریض کی عیادت کرنا بے حد اجروثواب کا باعث ہے تو مریض کی اعانت کرنا بے انتہا دنیوی اور اخروی فلاح و نجات کی ضمانت ہے۔’’خَلق‘‘ اللہ کا کنبہ ہے اور خدمتِ خَلق سماج و معاشرہ کی شیرازہ بندی کی علامت ہے۔اے ،ایم،آر میڈیکل اینڈ ایجوکیشنل ٹرست دہلی ایک ایسا ہی فعال رفاہی ادارہ ہے جو صحت و تعلیم کے میدان میں عظیم خدمات انجام دے رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار مولانا ابن حسن املوی واعظ نے اے۔ ایم۔ آر میڈیکل اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ اور کیئرز فیلڈ ہاسپیٹل خیرآباد کے اشتراک سے امام باڑہ چوک قدیم، شاہ محمد پور، مبارک پور، اعظم گڑھ میں بروز پیر 27 ؍اکتوبر 2025 ء بوقت ۲؍بجے دوپہر تا ۶؍بجے شام منعقدہ فری میڈیکل کیمپ کے معائنہ کے دوران کیا؛ جس میں 80 مختلف قسم کے مریضوں کا چیک اپ کیا گیا اور مفت دوائیں دی گئیں۔

مولانا ابن حسن املوی واعظ نے مزید کہا کہ میں دل کی گہرائیوں سے اے۔ ایم۔ آر میڈیکل اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ اور مبارکپور، اعظم گڑھ کے تمام اراکین و معاونین کا شکر گزار ہوں کہ وہ اس نیک مشن کو خلوصِ نیت سے انجام دے رہے ہیں۔اسی طرح میں کیئرز فیلڈ ہاسپیٹل خیرآباد اور اس کی پوری ٹیم کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ یہاں تشریف لائے اور طبی خدمات انجام دے کر اللہ کی قربت حاصل کی۔اپنے وطن کے ہونہار ڈاکٹروں، ڈاکٹر سلمان ترابی (ماہر امراض اطفال) اور ڈاکٹر ذیشان ترابی کا بھی ممنون ہوں جنہوں نے نہ صرف اپنا قیمتی وقت دیا بلکہ مریضوں کی خدمت اور انتظامی امور کی نگرانی میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔خداوندِ عالم سبھی خدمت گزاروں کو دنیا و آخرت میں کامیابی، عزت اور اجرِ عظیم سے نوازے۔

خَلق اللہ کا کنبہ ہے اور خدمتِ خَلق سماج و معاشرے کی شیرازہ بندی کی علامت: مولانا ابن حسن املوی

جناب مولانا ساجد حسین قاسمی چمپاروی نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا:خدمتِ خلق انبیاء و اولیاء کا طریقہ ہے، اور جو لوگ انسانوں کے دکھ درد میں شریک ہوتے ہیں، وہ دراصل خدا کی خوشنودی حاصل کرتے ہیں۔میں اے۔ ایم۔ آر میڈیکل اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ اور کیئرز فیلڈ ہاسپیٹل خیرآباد کے تمام منتظمین، ڈاکٹروں اور معاونین کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے انسانیت کی خدمت کو اپنا مقصدِ حیات بنایا۔ایسے فلاحی کام نہ صرف معاشرے میں محبت و ہمدردی کو فروغ دیتے ہیں، بلکہ ہمیں ہمارے دینی و اخلاقی فرائض کی یاد دہانی بھی کراتے ہیں۔میری دعا ہے کہ یہ نیک سلسلہ اسی جذبے اور اخلاص کے ساتھ جاری و ساری رہے، اور اللہ تعالیٰ تمام خدمت گزاروں کو اپنی بارگاہ میں مقبولیت عطا فرمائے۔

مولانا سید رضی حیدر زیدی، چیئرمین اے۔ ایم۔ آر میڈیکل اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ نے کیئرز فیلڈ ہاسپیٹل خیرآباد، ڈاکٹر اطہر عبداللہ اور پوری طبی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا:صحت مند معاشرہ ہی خوشحال معاشرہ ہے اور ایسے کیمپس کا مقصد عوام میں صحت و تندرستی کے حوالے سے آگاہی پھیلانا اور بنیادی طبی سہولیات کو عام کرنا ہے۔

خَلق اللہ کا کنبہ ہے اور خدمتِ خَلق سماج و معاشرے کی شیرازہ بندی کی علامت: مولانا ابن حسن املوی

یہ کیمپ صرف ایک دن کا نہیں بلکہ ایک مسلسل جاری رہنے والا مشن ہے۔ مریض روزانہ ہاسپیٹل جا کر ماہر ڈاکٹروں سے مشورہ کر سکتے ہیں۔ ہمارا مقصد انسانیت کی خدمت اور صحت مند معاشرہ قائم کرنا ہے۔

کیمپ میں مختلف شعبہ جات کے ماہر ڈاکٹروں نے نہایت خلوص، محبت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ مریضوں کا معائنہ کیا۔ عوام کی بڑی تعداد نے اس سہولت سے استفادہ کیا اور اس اقدام کو انسانیت کی خدمت کا بہترین ذریعہ قرار دیا۔

کیمپ کے دوران مریضوں کے لیے مفت دوائیاں، بلڈ شوگر ٹیسٹ، خون کا مکمل تجزیہ (CBC)، ای۔ سی۔ جی، بلڈ پریشر چیک اپ سمیت دیگر ضروری طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔

اس موقع پر مختلف مکاتبِ فکر کے معزز علمائے کرام نے اپنی پرخلوص موجودگی سے نہ صرف کیمپ کی رونق بڑھائی بلکہ منتظمین کی حوصلہ افزائی اور دعاؤں سے نوازا۔

علمائے کرام میں مولانا جون رضا مبارکپوری، مولانا ابنِ حسن املوی، مولانا کرار اظہری صاحب مولانا ساجد حسین قاسمی چمپاروی اور دیگر معزز علماء شامل تھے۔علمائے کرام نے اس انسانیت نواز اقدام کو سراہتے ہوئے اے ایم آر ٹرسٹ کو دعاؤں اور تحسین کے کلمات پیش کیے۔

خَلق اللہ کا کنبہ ہے اور خدمتِ خَلق سماج و معاشرے کی شیرازہ بندی کی علامت: مولانا ابن حسن املوی

کیمپ میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرحضرات :ڈاکٹر انصاری (ایم۔ بی۔ بی۔ ایس) ماہر امراض عامہ۔ڈاکٹر امیر حمزہ (بی۔ یو۔ ایم۔ ایس، سی۔ سی۔ ایچ) – ماہر امراض اطفال۔ڈاکٹر فردوس تبسم (بی۔ یو۔ ایم۔ ایس) – ماہرہ امراضِ نسواں۔ڈاکٹر سلمان ترابی (بی۔ یو۔ ایم۔ ایس) – ماہر امراض عامہ و اطفال۔ڈاکٹر اطہر عبداللہ (بی۔ ڈی۔ ایس، ایم۔ آئی۔ ڈی۔ اے) – ماہر دندان و آرتھوڈانٹکس۔ڈاکٹر درگیش چورسیا (ڈی۔ آپتھا) – ماہر امراض چشم۔ڈاکٹر ذیشان ترابی (بی۔ یو۔ ایم۔ ایس) ماہر امراض عامہ و حجامہ۔

کیئرز فیلڈ ہاسپیٹل کے ڈائریکٹر نے اپنے بیان میں کہا: ہمارا ہاسپیٹل ہمیشہ اے۔ ایم۔ آر میڈیکل اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ کے شانہ بشانہ رہے گا۔ آج کا یہ کیمپ دراصل ایک دن کا نہیں بلکہ ایک مسلسل عمل ہے، جو روزانہ جاری رہے گا۔ اگر کوئی مریض اے۔ ایم۔ آر ٹرسٹ کے توسط سے آتا ہے تو ہم اُسے اسی خلوص اور جذبے کے ساتھ طبی سہولیات فراہم کریں گے۔ہم اے۔ ایم۔ آر ٹرسٹ کے ساتھ مل کر مریضوں کے علاج، معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور فلاحی خدمات کے لیے ہمیشہ کوشاں رہیں گے۔ ہمارا مشن صرف ایک مقصد پر مرکوز ہے وہ ہے انسانیت کی خدمت، کیونکہ یہی سب سے بڑی عبادت ہے۔

خَلق اللہ کا کنبہ ہے اور خدمتِ خَلق سماج و معاشرے کی شیرازہ بندی کی علامت: مولانا ابن حسن املوی

کیمپ کے اختتام پر شرکاء نے ٹرسٹ کے اس مثبت اور خدمتِ خلق کے جذبے کو سراہتے ہوئے مستقبل میں مزید ایسے پروگراموں کے انعقاد کی امید ظاہر کی۔مولانا سید رضی حیدر زیدی نے خصوصی طور پر ڈاکٹر انصاری خیرابادی، ڈاکٹر ذیشان ترابی، ڈاکٹر سلمان ترابی، علی ریحان، ڈاکٹر اطہر عبداللہ، مولانا منہال خیرآبادی، مولانا جون رضا، مولانا غلام پنجتن اور مولانا طاہر صاحب سمیت تمام معاونین اور مقامی اراکینِ ٹرسٹ کا شکریہ ادا کیا۔اس طرح یہ ایک روزہ میڈیکل کیمپ غیر معمولی کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha

تبصرے

  • تفاخر IN 05:57 - 2025/10/29
    اے ایم آر میڈیکل اینڈایجوکیشنل ٹرسٹ دہلی بہت محنت کر رہا ہے
  • دلشاد علی IN 14:26 - 2025/10/30
    بہت عمدہ کام ہے جو دہلی سے دور دراز کے علاقوں تک پھیل رہا ہے اللہ ترقی عطا فرمائے آمین
  • فرحت حسین بنارسی IN 13:59 - 2025/10/31
    اے ایم آر میڈیکل ٹرسٹ حال اور مستقبل کے جونوں اور نو جوانوں اور علمائے کرام کے لئے نمونہ ہے کہ قوم و ملت کی فکر کس طرح کی جاتی ہے اور کام کس طرح کیا جاتا ہے جزاک اللہ تمام اراکین خصوصا قبلہ رضی زیدی وصاحب
  • فرحت حسین بنارسی IN 13:59 - 2025/10/31
    اے ایم آر میڈیکل ٹرسٹ حال اور مستقبل کے جونوں اور نو جوانوں اور علمائے کرام کے لئے نمونہ ہے کہ قوم و ملت کی فکر کس طرح کی جاتی ہے اور کام کس طرح کیا جاتا ہے جزاک اللہ تمام اراکین خصوصا قبلہ رضی زیدی وصاحب