حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، علی گڑھ/امامیہ ہال، نیشنل کالونی علی گڑھ میں گزشتہ ایک ماہ سے مولانا سید نوید عباس بچوں اور بچیوں کو قرآنِ کریم کی تعلیم دے رہے ہیں۔ یہ سلسلہ نہ صرف نونہالانِ ملت کی دینی تربیت کا ذریعہ بن رہا ہے بلکہ قرآن فہمی کی سمت ایک مثبت قدم بھی ہے۔
درسِ قرآن کا انتظام جناب سید مظہر زیدی اور جناب وقار جعفری صاحبان نے کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس تربیتی پروگرام کا مقصد بچوں میں قرآن سے وابستگی اور اسلامی تعلیمات سے عملی لگاؤ پیدا کرنا ہے۔
گزشتہ روز ایک ماہ مکمل ہونے پر طلبہ و طالبات کا زبانی امتحان لیا گیا، جس میں مولانا نوید عباس نے قرآن و قواعد، احکامِ شریعت اور اسلامی تاریخ سے متعلق سوالات کیے۔ موضوعات میں اصولِ دین و فروعِ دین، واجب، حرام، مستحب، مباح، مکروہ کے مفاہیم کے ساتھ ساتھ نماز، وضو، نیت اور خشوع و خضوع سے متعلق احکام شامل تھے۔ بچوں نے نہایت اعتماد، روانی اور سلیقے کے ساتھ جوابات دیے، جنہیں شرکاء نے سراہا۔
اس موقع پر جناب مظہر زیدی، جناب وقار جعفری، جناب توقیر رضا اور جناب ڈاکٹر شجاعت حسین بھی موجود تھے۔ اختتام پر جناب مظہر زیدی نے قرآنِ کریم کی تعلیم و تلاوت کی فضیلت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ جو شخص قرآن سیکھتا اور دوسروں کو سکھاتا ہے، وہ دراصل نبی اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کے مشن کا امین ہوتا ہے۔ آخر میں بچوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی اور ان کی کامیابی و دینی استقامت کے لیے دعائیں کی گئیں۔









آپ کا تبصرہ