حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،شعبۂ شیعہ اسلامیات علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام Attraction of Islam among" ".People Living in U.S.A کے عنوان سے ایک خصوصی توسیعی لیکچر سنٹرل ہال، فیکلٹی آف اسلامیات میں منعقد ہوا۔

نشست کی صدارت پدم شری پروفیسر حکیم سید ظل الرحمن نے کی، جبکہ امریکہ سے تشریف لائے ہوئے ممتاز معالج اور کمیونٹی لیڈر ڈاکٹر آفتاب حسین (MD) مہمان خصوصی تھے۔ پروگرام کے انتظامی ڈھانچے، مہمانان گرامی کے استقبال اور نشست کے نظم وضبط میں ڈاکٹر اصغر اعجاز قائمی (چیئر مین، شعبۂ شیعہ تھیالوجی) کا کردار نمایاں رہا۔
تقریب کا آغاز مولانا احمد مجلسی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، بعد ازاں ڈاکٹر رضا عباس نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا، جس میں موضوع کی معنویت، نشست کی اہمیت اور مہمانان گرامی کے تعارف کو نہایت جامعیت سے پیش کیا۔
پروفیسر محمد حبیب اللہ (ڈین، فیکلٹی آف تھیالوجی) نے افتتاحی کلمات پیش کیے اور آیت کریمہ کی روشنی میں انسانی و قار، فطری نظام حیات اور اسلامی اخلاقی اصولوں پر روشنی ڈالی۔
مہمان خصوصی ڈاکٹر آفتاب حسین نے اپنے وقیع خطاب میں امریکہ میں مقیم مسلم آبادی کے سماجی، سیاسی اور فکری رجحانات پر پر مغز گفتگو کی۔

تقریب میں پروفیسر سید طیب رضا نقوی (سابق چیر مین، شعبۂ شیعہ دینیات) اور پروفیسر محمد راشد (چیئر مین، شعبہ سنی تھیالوجی) مہمانان اعزاز کی حیثیت سے شریک ہوئے۔
پروفیسر محمد راشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضابطہ حیات بنانے کا حق صرف خالق انسان کو ہے، اور اسلام اسی فطری نظام ہدایت کا نام ہے جو انسان کی داخلی و خارجی ضروریات کو ہم آہنگ کرتا ہے۔
پروفیسر سید طیب رضا نقوی نے ڈاکٹر آفتاب حسین کا تفصیلی تعارف پیش کرتے ہوئے ان کی طبی، سماجی اور تعلیمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
آخر میں ڈاکٹر سید ہادی رضا تقوی (شعبہ شیعہ دینیات) نے کلمات تشکر ادا کرتے ہوئے معزز مہمانوں، مقررین، منتظمین، سنٹرل بال انتظامیہ اور میڈیا / آئی ٹی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
پروگرام میں اساتذہ، ریسرچ اسکالرز اور بڑی تعداد میں طلبہ، خاص طور پر پروفیسر لطیف کاظمی اور ڈاکٹر فیاض حیدر نے شرکت کی، موضوع پر سوال و جواب کا سلسلہ بھی جاری رہا۔










آپ کا تبصرہ