حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مورخہ 24 نومبر 2025ء کو شعبۂ شیعہ تھیالوجی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کانفرنس روم میں ایک علمی مذاکرہ منعقد ہوا، جس کی نگرانی شعبہ کے صدر، ڈاکٹر اصغر اعجاز قائمی نے کی۔ اس پروگرام کا مقصد طلبہ کی علمی استعداد میں اضافہ کرنا اور ان کی فکری صلاحیتوں کو مضبوط بنانا تھا۔
اس موقع پر ایران کے شہر قم سے تشریف لائے معروف اور معزز عالمِ دین حجۃ الاسلام مولانا سید احتشام عباس زیدی خصوصی مہمان کی حیثیت سے موجود تھے۔ مولانا نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اس تسلسل کو برقرار رکھنے کی تاکید کی۔
گفتگو کے دوران مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ محض نظریاتی علوم کافی نہیں، بلکہ ان کا عملی استعمال بھی لازم ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جدید تعلیم کو دینی تعلیم کے ساتھ مربوط کرنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ مقررین نے کہا کہ جامعات کا کردار صرف رسمی تدریس تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اخلاق، ثقافت اور کردار سازی میں بھی مرکزی کردار ادا کرنا چاہیے۔
نشست میں شعبہ کے سابق صدر پروفیسر سید طیب رضا نقوی کی شرکت قابل ذکر تھی، جن کا خیرمقدم پروفیسر تفسیر علی نے کیا۔ علمی گفتگو کے دوران ڈاکٹر رضا عباس نے روایتی مدارس اور جدید تعلیمی نظام کے باہمی تعلق پر اظہار خیال کیا، جبکہ ڈاکٹر ہادی رضا نے تعلیم کے ذریعے انسان کی شخصیت اور طرزِ زندگی میں آنے والی تبدیلیوں پر گفتگو کی۔
اسی طرح، شعبۂ سنی تھیالوجی سے تشریف لائے ڈاکٹر ریحان اختر نے بین الشعبہ جاتی علمی رابطے کو نہایت مفید قرار دیتے ہوئے اظہارِ خیال کیا، جبکہ ڈاکٹر فیاض حیدر نے نوجوانوں کو ڈیجیٹل دور میں دینی علوم کے ساتھ سائنسی طرزِ فکر اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
پروگرام کی نظامت عباس رضا نے کی، جبکہ ریسرچ اسکالرز اور طلبہ نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ آخر میں پروگرام شکریہ اور مستقبل میں مزید علمی و فکری سرگرمیوں کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
14:46 - 2025/11/24









آپ کا تبصرہ