حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہفتہ وحدت کے موقع پر حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ شیعہ تھیالوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید ہادی رضا تقوی نے ہفتہ وحدت کی اہمیت اور موجودہ حالات میں اس کے تقاضوں پر تفصیلی گفتگو کی جسے ہم اپنے معزز قارئین کے لیے پیش کر رہے ہیں:
حوزہ نیوز: اپنا تعارف اور تعلیمی پس منظر بیان فرمائیں۔
ڈاکٹر سید ہادی رضا تقوی: میرا نام سید ہادی رضا تقوی ہے اور میں اس وقت علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ شیعہ تھیالوجی میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہوں۔ میرا تعلق ایسے خانوادے سے ہے جس نے ہمیشہ علم، دینی خدمت اور انسانیت کی رہنمائی کو اپنا شعار بنایا۔ ابتدائی تعلیم ہندوستان میں حاصل کرنے کے بعد میں نے 1999 میں ایران کا رخ کیا، جہاں حوزہ علمیہ میں اسلامی فلسفہ، کلام، فقہ، اصول فقہ، تفسیر، عربی زبان، عرفان اور اخلاق جیسے علوم میں گہری تعلیم حاصل کی۔
ہندوستان واپسی کے بعد میں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے "اسلامی قانون میں ماحولیاتی تحفظ" کے عنوان پر پی ایچ ڈی کیا جس میں اسلامی فقہ اور موجودہ ماحولیاتی مسائل کو آپس میں جوڑا گیا ہے۔ فی الحال میری سرگرمیاں تدریس، تحقیق اور سماجی و دینی خدمت کے گرد گھومتی ہیں۔ میرا مقصد یہ ہے کہ تعلیم محض کتابوں تک محدود نہ رہے بلکہ معاشرے کی رہنمائی اور امت کی وحدت کا ذریعہ بنے۔
حوزہ نیوز: ہفتہ وحدت کیا ہے اور یہ کیوں منایا جاتا ہے؟
ڈاکٹر سید ہادی رضا تقوی: ہفتہ وحدت ربیع الاول کی 12 سے 17 تاریخ تک منایا جاتا ہے۔ مختلف مکاتب فکر میں پیغمبر اسلام (ص) کی ولادت کی تاریخ الگ الگ بتائی جاتی ہے۔ اسی بنیاد پر امام خمینیؒ نے فرمایا کہ ان دنوں کو "ہفتہ وحدت" کے طور پر منایا جائے تاکہ مسلمان اختلافات کو چھوڑ کر باہمی محبت اور اتحاد کا پیغام دیں۔
حوزہ نیوز: وحدتِ اسلامی کا مطلب اور اس کی اہمیت کیا ہے؟
ڈاکٹر سید ہادی رضا تقوی: وحدتِ اسلامی کا مطلب یہ ہے کہ مسلمان اپنے فقہی اور مسلکی اختلافات کے باوجود قرآن، پیغمبر اسلام (ص) کی سیرت اور امت کے اجتماعی مسائل پر ایک ساتھ کھڑے ہوں۔ یہی وحدت امت کی عزت، طاقت اور ترقی کی ضمانت ہے۔
حوزہ نیوز: موجودہ وقت میں مسلمانوں کے درمیان وحدت کی سب سے بڑی رکاوٹیں کیا ہیں؟
ڈاکٹر سید ہادی رضا تقوی: اس وقت وحدت کی راہ میں بڑی رکاوٹیں درج ذیل ہیں:
فرقہ وارانہ تعصب
سیاسی مقاصد اور بیرونی طاقتوں کی سازشیں
سوشل میڈیا پر نفرت اور غلط پروپیگنڈہ
علمی و تعلیمی کمزوریاں
ایک دوسرے کے مقدسات کی بے احترامی
حوزہ نیوز: ہفتہ وحدت منانے کا مقصد اور اس کی تاریخ کے بارے میں بتائیے۔
ڈاکٹر سید ہادی رضا تقوی: اس کا مقصد یہ ہے کہ پیغمبر اسلام (ص) کی ولادت کے موقع پر مسلمان ایک دوسرے کے قریب آئیں اور امت کو تفرقے سے محفوظ رکھا جائے۔ امام خمینیؒ نے سب سے پہلے اسے عملی شکل دی اور فرمایا کہ یہی دن امت کے لیے "اتحاد کا جشن" ہونا چاہیے۔
حوزہ نیوز: علماء وحدت کو فروغ دینے کے لیے کیا کردار ادا کر سکتے ہیں؟
ڈاکٹر سید ہادی رضا تقوی: علما کو چاہیے کہ:
منبر سے تعصب کے بجائے محبت کا پیغام دیں
اختلافات کو علمی اور منطقی انداز میں پیش کریں
مشترکہ دشمن اور مسائل پر توجہ دلائیں
مسلمانوں کے لیے مشترکہ پروگرام اور کانفرنسیں کریں
حوزہ نیوز: نوجوانوں کو وحدت کے پیغام سے کیسے جوڑا جا سکتا ہے؟
ڈاکٹر سید ہادی رضا تقوی:
تعلیمی اداروں میں ورکشاپس اور مباحثے
سوشل میڈیا مہمات
قرآن و سیرتِ نبی (ص) کو نوجوانوں تک پہنچانا
ثقافتی اور کھیلوں کے پروگراموں میں وحدت کا پیغام شامل کرنا
حوزہ نیوز: ہفتہ وحدت کے دوران کس طرح کے پروگرام کیے جا سکتے ہیں؟
ڈاکٹر سید ہادی رضا تقوی:
سیرتِ نبی (ص) کانفرنس
میلاد اور وحدت سیمینار
بین المذاہب مکالمہ (Inter-faith Dialogue)
مشاعرے، نعتیہ اور تقریری مقابلے
غریبوں اور محروموں کی مدد کے پروگرام
حوزہ نیوز: سماج میں اتحاد اور بھائی چارہ قائم رکھنے کے لیے میڈیا کا کیا کردار ہونا چاہیے؟
ڈاکٹر سید ہادی رضا تقوی: میڈیا کا کردار یہ ہونا چاہیے کہ:
نفرت اور تفرقہ پھیلانے سے اجتناب کرے
اخوت اور انسانیت کی تعلیم عام کرے
اچھے نمونوں کو سامنے لائے
امت کے مشترکہ مسائل پر بیداری پیدا کرے
حوزہ نیوز: کیا ہفتہ وحدت صرف مسلمانوں تک محدود ہے یا دوسرے مذاہب کے لوگ بھی شامل ہو سکتے ہیں؟
ڈاکٹر سید ہادی رضا تقوی: یہ ہفتہ صرف مسلمانوں تک محدود نہیں ہے بلکہ اس کا پیغام انسانیت، بھائی چارے اور امن کے لیے ہے۔ دوسرے مذاہب کے لوگ بھی اس میں شریک ہو کر محبت اور انسانیت کا پیغام عام کر سکتے ہیں۔
حوزہ نیوز: مختلف اختلافات کے باوجود وحدت کو کس طرح قائم رکھا جا سکتا ہے؟
ڈاکٹر سید ہادی رضا تقوی:
مقدسات کا احترام
اختلافات کو علمی دائرے تک محدود رکھنا
مشترکہ دشمن اور مسائل پر متحد ہونا
"اختلافِ رائے کے باوجود ہم بھائی ہیں" کا شعور بیدار کرنا
حوزہ نیوز: ہفتہ وحدت کے پیغام کو سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر کس طرح عام کیا جا سکتا ہے؟
ڈاکٹر سید ہادی رضا تقوی: ہفتہ وحدت کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر عام کرنے کے لیے:
خوبصورت ویڈیوز اور پوسٹرز بنانا
ہیش ٹیگز اور آن لائن مہم چلانا
لائیو لیکچرز اور ویبینارز
علما اور نوجوان مل کر مثبت مواد شیئر کریں









آپ کا تبصرہ