۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ مقصود ڈومکی

حوزہ/ اہل سنت ہمارے بھائی ہیں اور شیعہ سنی اسلام کے دو توانا بازو ہیں جو عالم کفر و استکبار کے مقابلے میں رسول رحمت کے پیغام اور قرآنی تعلیمات کی روشنی میں حق و صداقت کے پیغام کو عام کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں میلاد ریلی میں شرکت کی اور ریلی سے خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سید الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات گرامی عالمین کے پروردگار کی عظیم نعمت اور رحمت ہے اور یہ احسان عظیم ہے کہ اللہ تعالیٰ نے بے عیب ہادی بھیجا جو عالم انسانیت کو تہذیب نفس تقوی اور کتاب و حکمت کی تعلیم دینے آیا۔

انہوں نے کہا کہ کہ عصر حاضر کے عظیم انقلابی رہنما حضرت امام خمینی نے عید میلاد النبی کے مبارک اور مقدس ایام کو ہفتہ وحدت مسلمین کے عنوان سے منانے کا حکم دیتے ہوئے امت مسلمہ کو ایک مرکز پر جمع ہونے کا درس دیا وہ مرکز اتحاد رسول اسلام کی ذاتِ مبارکہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اہل سنت ہمارے بھائی ہیں اور شیعہ سنی اسلام کے دو توانا بازو ہیں جو عالم کفر و استکبار کے مقابلے میں رسول رحمت کے پیغام اور قرآنی تعلیمات کی روشنی میں حق و صداقت کے پیغام کو عام کریں۔

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملک بھر میں ہفتہ وحدت کے موقع پر اتحاد بین المسلمین کے سلسلے خصوصی تقریبات منعقد کر رہی ہے جس کا مقصد امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و اخوت کو فروغ دیتے ہوئے تفرقے اور انتشار کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .