۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ مقصود ڈومکی

حوزہ/ اللہ تعالیٰ نے مستضعفین سے عہد کیا ہے کہ وہ انہیں روئے زمین کی حاکمیت عطا فرمائے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجلس وحدت مسلمین تحصیل لکھی غلام شاہ کے زیر اہتمام جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اور جشن میلاد امام جعفر صادق علیہ السلام منعقد ہوا۔ اس موقع پر جشن سے خطاب اور تنظیمی دوستوں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت سید الانبیاء محمد مصطفیٰ کی ذاتِ گرامی عالم انسانیت کے رہبرِ و رہنما ہیں جو اپنے عظیم اخلاق و بے مثال کردار کے باعث صاحب خلق عظیم ہیں۔ ان کا کردار ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ انبیاء کرام علیہم السلام اور آئمہ اھل بیت نے خدا کے دین اور نظام کی بالادستی اور نظام عدل و انصاف کے قیام کے لیئے جدوجہد کی۔ انہوں نے مستکبرین کے مقابلے کے لئے مستضعفین میں بیداری اور شعور پیدا کیا اور انہیں استکباری قوتوں کے مقابلے میں قیام للہ کا درس دیا۔ اللہ تعالیٰ نے مستضعفین سے عہد کیا ہے کہ وہ انہیں روئے زمین کی حاکمیت عطا فرمائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم امریکہ اور شیاطین عالم سے ناراض نہیں بلکہ انسان دشمن ظالم استکباری طاقتوں کے دشمن ہیں۔ جس طرح حضرت موسی علیہ السلام کی فرعون سے اور امام حسین علیہ السلام کی یزید سے دشمنی تھی ہم اسی طرح عصر حاضر کے فرعون اور یزید یعنی امریکہ اور اسرائیل سے عداوت رکھتے ہیں۔

تقریب جشن میں ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی رہنما اصغر علی سیٹھار نظام دین انقلابی و دیگر شریک ہوئے۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے چک ضلع شکار پور کے مومنین کے خلاف چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر درج کی گئی ایف آئی آر کو جج کی طرف سے جھوٹ قرار دے کر عزاداروں کو باعزت بری ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .