حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان تعلقہ گڑھی خیرو کے زیراہتمام درگاہ سید یقین شاہ کے سالانہ عرس مبارک کے موقع پر جشن میلاد امام زمانہ علیہ السلام کا اہتمام کیا گیا۔جشن میلاد سے مدرسہ جامعۃ المصطفی خاتم النبیین کے وائس پرنسپل علامہ حاجی سیف علی ڈومکی ایم ڈبلیو ایم تحصیل گڑھی خیرو کے رہنما سید علی شاہ اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے خطاب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ منجی عالم بشریت حضرت امام مہدی علیہ السلام پر عقیدہ امت مسلمہ کا متفقہ اور مسلمہ عقیدہ ہے۔ قرآن مجید اور احادیث مبارکہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارہویں جانشین نائب اور خلیفہ کے طور پر امام مہدی علیہ السلام کا ذکر کثرت سے احادیث میں ملتا ہے وہ عظیم شخصیت کہ جو دنیا کو عدل و انصاف سے بھر دے گی اور دنیا سے ظلم اور بربریت کا خاتمہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتے عالمی حالات ایک عظیم واقعے کی خوشخبری دے رہے ہیں اہل حق منتظرین امام زمانہ عجل اللہ فرجہ وقت کے فرعون کی تمام تر سازشوں اور رکاوٹوں کے باوجود عالمی قوت بن چکے ہیں۔ یہ عالمی انقلابی تحریک عالمی استکباری قوتوں کے لئے خوف کی علامت بن چکی ہے۔ تیزی سے تشکیل پاتی عالمی انقلابی تحریک ایک عالمی انقلاب کی نوید دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نائب امام کی قیادت میں اھل حق ظہور امام زمانہ علیہ السلام کے لئے زمینہ سازی کر رہے ہیں۔ خدا کا وعدہ سچا ہے عنقریب مستضعفین کے ہاتھوں مستکبرین کو عبرتناک شکست ہوگی اور خدا کی زمین پر خدا کا نظام نافذ ہوگا۔