حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سربراہ حضرت آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا کہ جہان ایک منجی کے انتظار میں ہے تمام مستضعفین کی امیدیں ان سے وابستہ ہیں اپنے آپ کو امام علیہ السلام کی فوج میں شامل کرنے کے لیے تیار رکھیں اپنے اندر منتظر واقعی کی صفات اجاگر کریں۔
جامعۃ المنتظر لاہور کے سربراہ نے کہا کہ شب برات کے موقع پر اپنے مرحومین کے ساتھ ساتھ ان شہداء کو بھی یاد رکھا جائے جنہوں نے وطن عزیز کی حفاظت کے لیے قربانیاں دیں اور جو ملک میں جاری دہشت گردی کی نذر ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ شب برات اللہ تعالی کی طرف سے انعام ہے۔یہ گناہوں کی بخشش کی رات ہے اس لیے اس رات کو اعمال میں بسر کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 15 شعبان امام زمانہ علیہ السلام کا یوم ولادت ہے۔آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہو گا کہ اپنی زندگی کو امام علیہ السلام کے حقیقی محب کے طور پر گزاریں۔ غیبت کبری کے بعد امامؑ کے ظہور کے لیے زمینہ سازی ہمارے اوپر واجب ہے۔امام کی نصرت صرف وہی لوگ کریں گے جنہیں امام علیہ السلام کی حقیقی معرفت حاصل ہو گی۔امام علیہ السلام کی آمد کا انتظار مسلمانوں کے تمام مسالک کے درمیان ایک مسلم امر ہے ۔