۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
علامہ مقصودڈومکی

حوزہ/ کنب میں میلاد النبی (ص) کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ترجمان کا کہنا تھا کہ مذہبی جلوس عزاداری کے ہوں یا عید میلاد النبی کے، وہ کسی پرمٹ اور اجازت نامے کے محتاج نہیں ہیں۔ عزاداران امام حسین علیہ السلام کے خلاف مقدمات کا اندراج ایک شرمناک عمل ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور میلاد امام جعفر صادق علیہ السلام کی مناسبت سے جامعہ امام علی علیہ السلام کنب میں تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ امت مسلمہ حضرت سید الانبیاء (ص) کے نام پر اپنا سب کچھ قربان کرنے کو اپنے لئے اعزاز سمجھتی ہے، عشق رسول (ص) و آل رسول (ع) امت مسلمہ کا سرمایہ ایمان ہے۔

علامہ موصوف نے کہا کہ فرانسیسی صدر کی سید الانبیاء (ص) کی شان میں گستاخی نا قابل معافی جرم ہے، او آئی سی ایک ناکارہ ادارہ ہے جو امت مسلمہ کے مسائل حل کرنے کی بجائے سامراجی مفادات کا محافظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے عرب حکمران امریکی غلامی کو اپنے لئے اعزاز سمجھتے ہیں، اسی لئے اسرائيل غاصب کو تسليم کرنے کیلئے ان کی لائنیں لگی ہیں، جو امت مسلمہ سے خیانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی جلوس عزاداری کے ہوں یا عید میلاد النبی کے، وہ کسی پرمٹ اور اجازت نامے کے محتاج نہیں ہیں۔ عزاداران امام حسین علیہ السلام کے خلاف مقدمات کا اندراج ایک شرمناک عمل ہے، حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ فی الفور مقدمات واپس لے۔

ترجمان مجلس وحدت مسلمین نے کہا کہ اسلام دشمن اور پاکستان دشمن قوتوں نے وطن عزیز پاکستان میں فرقہ وارانہ اختلاف کو ہوا دینے کے لئے پانی کی طرح ڈالر اور ریال خرچ کیے، مگر آج عید میلاد النبی اور ہفتہ وحدت کے موقع پر شیعہ، سنی مسلمانوں نے اپنے اتحاد اور وحدت سے دشمن کے سارے عزائم خاک میں ملا دیئے۔

اس موقع پر کانفرنس سے جامعہ امام علی علیہ السلام کے کے پرنسپل اور ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنماء علامہ محمد نقی حیدری، سید زین العابدین شاہ، سید جعفر شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .