حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے49ویں سالانہ "حمایت مظلومین جہاں و آزادی القدس" کنونشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ کنونشن میں ملک بھر سے ہزاروں امامیہ طلبہ شریک ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار چیرمین کنونشن زاہد مہدی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
زاہد مہدی نے مزید بتایا کہ کل جمعہ سے تین روزہ حمایت مظلومین جہاں و آزادی القدس کنونشن کا آغاز بانی تنظیم شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے مرقد پر سکاوٹ سلامی سے ہوگا جس میں سکاوٹس کا چاک و چوبند دستہ امامیہ چیف اسکاوٹ تنصیر مہدی کی سربراہی میں سلامی پیش کرے گا۔ ملک بھر سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور رات گئے تک ملک بھر سے تین ہزار سے زائد امامیہ طلبا لاہور پہنچیں گے۔ کنونشن کے پہلے روز نشست کا آغاز جامعةالمصطفی لاہور میں ہوگا اور شب شہدا کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ دوسرے روز تعلیمی کانفرنس بعنوان عصر حاضر کا ہتھیار ، قلم میں ماہرین تعلیم خطاب کریں گے۔
کانفرنس میں نوجوانوں کو علم کی اہمیت اور تعلیمی میدان میں کردار کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا جبکہ بعد ازاں رات کی نشست میں جشن صادقین منایا جائے گا جس میں قصائد و فضائل اہلبیت بیان کئے جائیں گے۔ آخری روز حمایت مظلومین جہاں کانفرنس ہوگی اور آخری دن کی آخری نشست میںنئے مرکزی صدر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔
مرکزی صدر کے انتخاب کے بعد شرکا ء استحکام پاکستان ریلی میں شریک ہوں گے۔ریلی مال روڈ پر ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک نکالی گی۔ ریلی کے اختتام پر نومنتخب مرکزی صدر خطاب کریں گے ۔