۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
برادر زاہد مہدی آئی ایس او پاکستان کے نئے میرِ کارواں منتخب

حوزہ/ نو منتخب مرکزی صدر نے شرکاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کی جغرافیائی اور فکری سرحدوں کا تحفظ ہمارا منشور ہے اور ہم وطن کی جانب اٹھنے والی ہر میلی آنکھ پھوڑنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ آئی ایس او ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے اور اپنے وطن کے دفاع کیلئے مصروف عمل ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا سالانہ 50واں جہد مسلسل و عزم نو کنونشن اختتام پزیر ہوگیا کنونشن میں ملک بھر سے ہزاروں طلباء اور سابقین نے شرکت کی۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ کنونشن  کے آخری روز برادر زاہد مہدی کو نیا میرِ کارواں منتخب کیا گیا۔ کنونشن کے آخری روز قرآن و اہلبیت  کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ جس سے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، علامہ حیدر نقوی، سربراہ امت واحدہ علامہ امین شہیدی، علامہ غلام عباس رئیسی، مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے رہنما علامہ خالق اسدی، سابق مرکزی صدر ملک اعجاز، سابق مرکزی صدر ثاقب اکبر نقوی، سابق مرکزی صدر علامہ حسنین گردیزی نے خطاب کیا۔ منقبت خواں اور نوحہ خواں زوار بسمل،اور علی صفدر نے ترانہ شہادت پیش کیا۔

جامعۃ المصطفی لاہور میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ کنونشن جہد مسلسل و عزم نوکی آخری نشست میں نئے میر کارواں کا انتخاب عمل میں آیا۔  علامہ حسنین گردیزی نے ان سے ذمہ داری کا حلف لیا نے نئے مرکزی صدر کا اعلان رکن مرکزی نظارت آیت اللہ غلام عباس رئیسی نے کیا۔

اعلان سے قبل مجلس عاملہ اور مجلس نظارت کے اجلاس منعقد ہوئے اور بعد ازاں پاکستان بھر کے یونٹ صدور کے سامنے سابق مرکزی سینئر نائب صدر زاہد مہدی اور سابق مرکزی نائب صدر حسن عارف کے نام پیش کئے گئے تھے۔ الیکشن سے پہلے سابق مرکزی صدر عارف حسین الجانی نے اپنے کابینہ سمیت مستعفی ہونے کا اعلان کیا اور رائے شماری کے نتیجے میں مرکزی صدر کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔مرکزی صدر منتخب ہونے کا اعلان کیا گیا تو پنڈال میں موجود امامیہ نوجوانوں نے والہانہ انداز میں ان کا استقبال کیا اور زاہد مہدی  قدم بڑھاؤ، ہم تمہارے ساتھ ہیں، کے نعرے لگائے۔

نو منتخب مرکزی صدر نے شرکاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کی جغرافیائی اور فکری سرحدوں کا تحفظ ہمارا منشور ہے اور ہم وطن کی جانب اٹھنے والی ہر میلی آنکھ پھوڑنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ آئی ایس او ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے اور اپنے وطن کے دفاع کیلئے مصروف عمل ہے۔

کنونشن کے بعد استحکام پاکستان ریلی لاہور کے تاریخی مال روڈ پر نکالی گئی۔ ریلی ناصر باغ سے شروع ہوکر انارکلی چوک، جی پی او چوک، لاہور ہائیکورٹ سے ریگل چوک پہنچی، جہاں سے ریلی پنجاب اسمبلی کے سامنے فیصل چوک میں پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ ریلی کی قیادت آئی ایس او کے نومنتخب مرکزی صدر زاہد مہدی نے کی۔

ریلی میں علمائے کرام اور مختلف تعلیمی اداروں کے ہزاروں طلبہ بھی شریک تھے۔ریلی کے شرکاء پاکستان زندہ بادپاکستان کا مطلب کیا لاالہ الااللہ کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان کے نومنتخب مرکزی صدر زاہد مہدی کا کہنا تھا کہ وہ وقت دور نہیں جب دنیا میں مظلومین کی حکومت ہوگی۔ عراق، افغانستان  شام، لبنان اور پاکستان میں عالمی استکبار کی مذموم سازش کے تحت مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھائے جا رہے ہیں ہم ہر مظلوم کے حامی اور ہر ظالم کے مخالف ہیں۔ پاکستان کے نوجوان بیدار ہیں، ہرسازش کا مقابلہ کریں گے، دشمن جان لیں پاکستان کے جوان ملک کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں  نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں، وطن کا بھر پور دفاع کریں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .