حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی استحکام پاکستان ریلی لاہور کے تاریخی مال روڈ پر نکالی گئی۔ ریلی ناصر باغ سے شروع ہوکر انارکلی چوک، جی پی او چوک، لاہور ہائیکورٹ سے ریگل چوک پہنچی، جہاں سے ریلی پنجاب اسمبلی کے سامنے فیصل چوک میں پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ ریلی کی قیادت آئی ایس او کے نومنتخب مرکزی صدر زاہد مہدی نے کی۔ریلی میں علمائے کرام اور مختلف تعلیمی اداروں کے ہزاروں طلبہ بھی شریک تھے۔ریلی کے شرکاء"پاکستان زندہ باد" پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الااللہ" کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان کے نومنتخب مرکزی صدر زاہد مہدی کا کہنا تھا کہ وہ وقت دور نہیں، جب دنیا میں مظلومین کی حکومت ہوگی۔ عراق، افغانستان، شام، لبنان اور پاکستان میں عالمی استکبار کی مذموم سازش کے تحت مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھائے جا رہے ہیں، ہم ہر مظلوم کے حامی اور ہر ظالم کے مخالف ہیں۔ پاکستان کے نوجوان بیدار ہیں، ہر سازش کا مقابلہ کریں گے، دشمن جان لیں، پاکستان کے جوان ملک کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں، وطن کا بھرپور دفاع کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امامیہ طلبہ ہی پاکستان کے روشن مستقبل کے ضامن ہیں جس کیلئے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔جس طرح قیام پاکستان کے وقت طلباءنے قائداعظم کا شانہ بشانہ ساتھ دیتے ہوئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا تھا، اسی طرح پاکستان کی تعمیر و ترقی، دفاع وطن اور حقیقی فکری آزادی کیلئے بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔