۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
کانفرنس

حوزه/ لاہور میں متحدہ طلبہ محاذ پاکستان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیرانتظام آزادی قدس و کشمیر طلبہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کی تمام ملکی سیاسی، مذہبی، لسانی طلبہ تنظیموں سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں کے مرکزی رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے لاہور سے اعزازی رپورٹر کے مطابق لاہور کے مقامی ہوٹل میں متحدہ طلبہ محاذ پاکستان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیرانتظام آزادی قدس و کشمیر طلبہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کی تمام ملکی سیاسی، مذہبی، لسانی طلبہ تنظیموں سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں کے مرکزی رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔

آزادی قدس و کشمیر کانفرنس سے  جماعت اسلامی سے فرید پراچہ،اور مجلس وحدت مسلمین سے ناصر عباس شیرازی شامل تھے۔ کانفرنس میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے عارف حسین، انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی صدر رمیز الحسن، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف، جمعیت طلباء اسلام سے حافظ عبدالرحمن، اہلحدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن سے حافظ عبدالماجد ادریس، سرائیکستان سٹوڈنٹس فیڈریشن کے کاشف خان کھچی، جمعیت طلبہ اسلام  کے غازی الدین بابر، مسلم لیگ قاف سے سہیل چیمہ، پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن سے راجہ شیراز کیانی نے شرکت کی۔

جماعت اسلامی کے رہنماء فرید پراچہ کا کہنا تھا کہ کشمیر کی آزادی کے بغیر خطے میں دیرپا امن ناممکنات میں سے ہے۔ اقوام متحدہ اور حقوق عالم بشر کی دعویدار تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالے مظالم پر خاموش ہیں۔ بھارتی ظلم و بربریت سے کبھی بھی تحریک آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا، ایک دن کشمیریوں کا بیگناہ خون بھارتی حکومت کو خش و خاشاک کی طرح بہا کر لے جائے گا۔

آئی ایس او کے مرکزی صدر سید محمد قاسم شمسی نے مسئلہ فلسطین کو امت مسلمہ میں اتحاد کا وسیلہ قرار دیا اور کہا کہ یہی وجہ ہے کہ عالمی استکبار اور بین الاقوامی صیہونزم اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ مسئلہ، عالم اسلام کی ترجیحات سے ختم ہو جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سامراجی قوتیں مسئلہ فلسطین کو فراموش کرنے کیلئے مسلم دنیا کو دہشتگردی سمیت معاشی مسائل میں الجھا رہی ہیں، تاکہ اسرائیل کو تحفظ فراہم ہوسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین صرف عرب دنیا کا ہی نہیں بلکہ پوری مسلم امہ اور انسانیت کا اولین مسئلہ ہے اور اس کے منصفانہ حل کے بغیر خطے سمیت عالمی امن قائم نہیں ہوسکتا ہے۔

متحدہ طلبہ محاذ کے سابق مرکزی صدر ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ ڈیل آف دی سینچری مظلوم فلسطینیوں سے ان کی سرزمین چھینے کا منصوبہ ہے، جسے کچھ ناعاقبت اندیش عرب حکمرانوں کی مدد حاصل ہے، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں، فلسطین پر فلسطینوں کا حق ہے، قبلہ اول کی آزادی مظلوم فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے امریکہ، اسرائیل اور اس کے اتحادیوں کیخلاف جمعة الوداع کو ملک گیر یوم القدس منائیں گے۔

 القدس کانفرنس کے شرکاء نے فلسطینی مزاحمتی تحریکوں حماس، حزب اللہ، جہاد اسلامی اور پاپولر فرنٹ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا اور اپیل کی کہ پاکستان کے عوام رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس بھرپور انداز میں منائیں۔ کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ طور پر قراردادیں منظور کی گئیں، جس میں فلسطینیوں کی حمایت اور جدوجہد آزادی کو جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .