۱۴ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۴ شوال ۱۴۴۵ | May 3, 2024
زاہد مہدی

حوزہ / مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان زاہد مہدی نے 23 مارچ  کے موقع پر  خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ مذہب اسلام، انسان کو آزادی و حریت کا درس دیتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان زاہد مہدی نے 23 مارچ کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ مذہب اسلام، انسان کو آزادی و حریت کا درس دیتا ہے۔ اس درس آزادی سے ہمارے بزرگوں نے نظریۂ اسلام کے تحت انگریزوں سے آزادی کی تحریک شروع کی۔

انہوں نے کہا: اس تحریکِ آزادی کو تقویت 23 مارچ 1947ء کو ملی جب قرار داد پاکستان کو اکثریتی رائے سے پاس کیا گیا۔ یوں ہمارے بزرگوں کو پاکستان جیسی عظیم نعمت کی شکل میں ایک الگ وطن نصیب ہوا۔

مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان نے کہا: پاکستانی عوام نے ہمیشہ ظالمین کی مخالفت کی۔ چاہے وہ کشمیر میں بھارتی مظالم ہوں یا فلسطین میں اسرائیلی جارحیت۔ پاکستانی عوام ہمیشہ سامراجی طاقتوں کے مخالف رہے ہیں۔

مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دو قومی نظریہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا اور اس کو بنانے میں ملت تشیع کا کردار واضح ہے۔ پاکستان میں آج ملت تشیع سمیت تمام محب وطن طبقات کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اسلام اور ملک دشمن عناصر دہشت گردی کے لبادے میں چھپ کر محبان وطن کو اپنی بزدلانہ کارروائیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

برادر زاہد مہدی نے کہا: ہم پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں، ہم دشمنانِ اسلام و پاکستان پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان بنانے والے پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کرنا جانتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: آئی ایس او کا ہر جوان ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، اس کی حفاظت کیلئے اپنی جان کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔

مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان نے آخر میں کہا: پاکستان سے دہشت گرد عناصر کے خاتمے میں ہی پاکستان کا استحکام مضمر ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .