حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے نائب صدر مصطفیٰ رئیسی نے کہا: ماہ رمضان طلب مغفرت و حصول قرب الٰہی کا مہینہ ہے، ماہ رمضان میں قرآن شناسی کے حوالے سے شہر بھر کی مختلف مساجد میں دروس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا: نوجوانوں کے لیے دین شناسی کے عنوان سے رمضان کلاسز کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے۔
آئی ایس او کراچی ڈویژن کے نائب صدر مصطفیٰ رئیسی نے رمضان پروگرامز کے حوالے سے المصطفیٰ ہاوس میں منعقدہ کابینہ اجلاس میں کہا: مظلومین جہاں بالخصوص فلسطین، یمن و کشمیر کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مرکزی القدس ریلی کا انعقاد 27 رمضان المبارک جمعتہ الوداع کے موقع پر کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا: القدس ریلی نمائش تا تبت سینٹر شام 4 بجے نکالی جائے گی۔ جس میں تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔مرکزی ریلی کے اختتام پر مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان زاہد مہدی خطاب کریں گے۔