حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی نائب صدر علی زین نے مرکزی کابینہ کی خصوصی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او پاکستان ماہ صیام کے پہلے عشرہ کو عشرہ قرآن و خودسازی کے نام سے منائے گی۔جس کے لیےسوشل میڈیا کے ذریعے کارکنان تک علماء کرام کے دروس کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماہ صیام ہمیں استقامت، اخوت و بھلائی کا درس دیتا ہے، ماہ رمضان المبارک میں اللہ تعالی کی رحمت عروج پر ہوتی ہے، روزہ صبر، ہمدردی کا نام ہے۔
عشرہ قرآن و خود سازی کے حوالے سے جہاد نفس، حب دنیا فلسفہ آداب روزہ اور قرآن دستور حیات کے عنوانات پر فیسبک اور یوٹیوب سے دروس کا انعقاد کیا جائے گا۔
مرکزی نائب صدر کا کہنا تھاکہ ماہِ صیام خداوند متعال کا بہت بڑا لطف و کرم اور انسان کا کمال کی طرف مراحل طے کرنے کا ذریعہ ہے، ماہ مقدس سے بھرپور استفادہ کیلئے آئی ایس او پاکستان نے اس کو تین عشروں میں تقسیم کیا ہے۔ پہلا عشرہ قرآن و خود سازی کے نام سے دوسرا قرآن و امامت اور تیسرا قرآن فہمی و قدس کے نام سے منانے کا اعلان کیا ہے۔
مرکزی نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ پوری دنیا کو وباء کے باعث آزمائش کا سامنا ہے ماہ رمضان المبارک میں فرصت کے لمحات کو پروردگار سے منسوب کرکے دعا و مناجات کے سلسلہ جاری رکھیں ان شاء اللہ بہت جلد دنیا اس وباء سے نجات پالے گی۔