۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
ریلی

حوزہ/ امت فورم کے زیر اہتمام اتوار کے روز آب پارہ اسلام آباد سے ”امریکہ مردہ باد“ریلی نکالی گئی۔ریلی میں راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں سے شیعہ سنی اور دیگر مکاتب فکر کے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امت فورم کے زیر اہتمام اتوار کے روز آب پارہ اسلام آباد سے ”امریکہ مردہ باد“ریلی نکالی گئی۔ریلی میں راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں سے شیعہ سنی اور دیگر مکاتب فکر کے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ریلی کا مقصد خطے میں امریکی جارحیت اور مسلمان ممالک میں امریکی مداخلت کے خلاف اپنی آواز بلند کرنا تھا۔ ریلی کے شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھار رکھے تھے جن پر امریکہ مخالف نعرے درج تھے۔ریلی میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھے۔مظاہرین نے امریکہ ،اسرائیل اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ریلی کے شرکا نے شہید قاسم سلیمانی سے عقیدت کا اظہار کرنے کے لیے ان کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھی۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ امریکہ ،اسرائیل اور بھارت کے شیطانی ٹرائیکا نے پوری دنیا کے امن کو داﺅ پر لگا رکھا ہے۔مسلم ممالک کو اگر اپنی سالمیت اور بقا عزیز ہے تو انہیں چاہیے کہ امریکہ سمیت کسی بھی ملک کو اپنے داخلی معاملات میں مداخلت کی قطعاََاجازت نہ دیں۔امریکہ کی دوستی پر اترانے والے امریکہ کے ماضی کے کردار کو سامنے رکھیں۔ اس آستین کے سانپ نے مسلمانوں کو ہمیشہ دوست بن کر نقصان پہنچایا ہے۔ امریکہ سے یاری عالم اسلام سے غداری تصور کی جائے گی۔انہوں نے کہا ایران کے اعلی حکومتی عہدیدار حاج قاسم سلیمانی کو شہید کر کے امریکہ نے عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کا راستہ ہموار کرنے کی احمقانہ کوشش کی ہے۔اس واقعہ کے بعد ایران کا ردعمل جرات مندانہ اورغیرت ایمانی سے لبریز تھا۔اگر امت مسلمہ اسی جرات کو اپنا ہتھیار بنا لے تو دنیا کی کوئی طاقت مسلمانوں کے خلاف کھڑا ہونے کی جرات نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی وقار پر امریکی ترجیحات کو مقدم رکھا۔وزیر خارجہ کو وائیٹ ہاوس کی ترجمانی زیب نہیں دیتی۔انہیں اپنے عہدے سے فی الفور الگ ہو جانا چاہیئے ۔ہمارے حکمرانوں نے اپنے پڑوسی برادر اسلامی ملک کی فوج کے سربراہ کی شہادت پر افسوس کا اظہار نہ کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ ان کی خارجہ پالیسی آزاد نہیں ہے بلکہ امریکہ کے تابع ہے۔امریکی اطاعت ہی تمام خرابیوں کی جڑ ہے ۔جب تک اس جڑ کو اکھاڑا نہیں جاتا تب تک عوام کے وقار کو اسی طرح داغدار کیا جاتا رہے گا۔شیعہ علما کونسل کے رہنما علامہ عباس قمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکہ ایک بار پھر پاکستان کو ایک نئی پراکسی وار میں دھکیلنے کے لے پر تول رہا ہے۔امریکہ نے مسلمانوں کے خلاف ہمیشہ مسلمانوں کے ملک میں بیٹھ کر جنگ لڑی تاکہ دونوں طرف مسلمانوں کا نقصان ہو۔امریکہ سے اتحاد کا انجام پاکستان کو دہشت گردی کی صورت میں بھگتنا پڑا۔دہشت گردی کے اس عفریت نے وطن عزیز کے ستر ہزار سے افراد کو نگل لیا اور اس کے خلاف آج تک جنگ لڑی جا رہی ہے۔پاکستان کسی ایسی جنگ کا قطعی متحمل نہیں ہے جس سے دشمنوں کو فائدہ اور اپنوں کو نقصان اٹھانا پڑے۔امامیہ آرگنائزیشن کے رہنما اسد اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حاج قاسم سلیمانی کس ایک فرقے کے نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے عظیم مجاہد تھے۔انہوں نے عراق اور فلسطین کے مسلمانوں کے دفاع کے لے جو کارنامے سرانجام دیے انہیں تاریخ میں سنہرے حرفوں سے لکھا جائے گا۔جو لوگ امریکی دہشت گردی کو ایران اور امریکہ کا ذاتی جھگڑا سمجھتے ہیں وہ عالمی حالات سے باخبر نہیں۔عالمی ذرائع ابلاغ اس بات کو بارہا دہرا چکا ہے کہ امریکہ کا اگلاہدف پاکستان اور ایران ہے۔ امریکہ کی ایران کی طرف پیش قدمی ارض پاک کی سالمیت کے لیے بھی سنگین خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔آئی ایس او کے رہنما زاہد مہدوی نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں مسلمانوں کے مقابلے میں باطل قوتیں یکجا ہو رہی ہے۔مسلمانوں کے ایک دوسرے کے قریب آنے کا یہ سب سے نادر موقع ہے۔امریکہ  کے جھنڈے تلے متحد ہونے والوں کو  باطل اور استکباری قوتوں اور کفار کے لشکر میں شمار کیا جائے گا چاہے ان میں کوئی مسلمان ملک ہی کیوں نہ ہو۔ تاریخ شاید ہے کہ یہود و نصاری کو جب بھی موقع ملا انہوں نے مسلمانوں کو نقصان پہنچایا۔احتجاجی ریلی سے تحریک بیداری امت مصطفی کے رہنما علامہ تنویر حسین جعفری، آئی ڈی سی کے مرکزی رہنما فدا حسین، انجمن جانثاران اہلبیت ع کے رہنما زاہد حسین جعفری سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .