۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
ناصر عباس جعفری

حوزہ/مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے یوم شہادت حضرت فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہاکی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ خواتین کو معاشرے میں باوقار مقام کے لیے خاتون جنت سلام اللہ علیہا کے طرز زندگی کو شعار بنانا ہو گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم شہادت حضرت فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہاکی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ خواتین کو معاشرے میں باوقار مقام کے لیے خاتون جنت سلام اللہ علیہا کے طرز زندگی کو شعار بنانا ہو گا۔اہلبیت علیہم السلام کی حقیقی معرفت اور طرز زندگی پر عمل امت مسلمہ کو تفرقہ بازی سے نجات دلا سکتا ہے۔ استکبارکے عزائم خاک میں ملانے کے لیے عزم استقامت کا درس اسی گھرانے سے ملتا ہے۔جب تک تعلیمات اہلیبت علیہم السلام کا حقیقی درک اور مفہوم سے آشنائی نہیں ہوتی تب تک امت مسلمہ اسی طرح منتشر اور دست و گریبان رہے گی۔حق فاطمة الزہرا سلام اللہ علیہا کی شناخت حاصل کر کے ذلت و اضطراب کی زندگی سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے مسلم معاشرے کو اسلامی اقدار اور روشن تعلیمات سے دور کیا جا رہا ہے۔اخلاقی تنزلی پوری قوت سے سر اٹھا رہی ہے۔اسلامی تہذیب و تمدن کو دانستہ فراموش کیا جا رہا ہے ۔جس کا بنیادی سبب اسلامی تعلیمات سے دوری ہے۔معاشرے کی تربیت کے لیے مستورات کو اپنی ذمہ داریاں اورکردار ادا کرنا ہو گا۔جناب سیدہ صلوة اللہ علیہا کی زندگی خواتین کے لیے ہر میدان میں مشعل راہ ہے۔بیٹی، بیوی اور ماں ہر حیثیت سے خاتون جنت کے طرز عمل سے رہنمائی لی جائے تو ایک عمدہ معاشرے کی تشکیل کی جاسکتی ہے۔اگر ماں فاطمہ زہرا ہوں تو بیٹے حسن ؑ و حسینؑ ہوتے ہیں۔یزید جیسے جابر و فاسق حکمران سے حق کی خاطر نبرد آزما ہونے کا درس امام عالی مقام علیہ السلام نے نبی زادی کی آغوش سے حاصل کیا۔ دورحاضر کی یزیدیت کا مقابلہ کرنے کے لیے مخدومہ کونین حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تعلیمات پر عمل کرنا واجب ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت باطل قوتیں پوری دنیا بالخصوص عالم اسلام کو اپنے تابع کرنا چاہتی ہیں۔انہیں شکست دینے کے لیے حسینی جرات و حوصلے اور کردار کی ضرورت ہے۔



لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .