۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ دنیا میں حقیقی وقار و عظمت اور آخرت میں کامیابی کی منازل تک پہنچنا ہے تو اہل بیت (ع) کے راستے پر چلنا ہو گا۔ امت مسلمہ حضرت فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی حقیقی معرفت حاصل کر کے فرقہ واریت کے عفریت کو شکست دےسکتی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خاتون جنت،دختر رسول حضرت فاطمہ الزہرا سلام وصلوٰۃ اللہ علیہا کے یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حضرت فاطمہ الزہرا معصومہ، صدیقہ و طاہرہ (س) وہ جرات مند مدافع ولایت ہیں جن کی مظلومیت اور عظیم قربانیوں کا تذکرہ آئمہ اطہار علیہم السلام اپنے اپنے ادوار میں کرتے آئے ہیں۔خاندان نبوت پر آنے والے روح فرسا مصائب کا ذکر ہمارے عقائد کی روح ہے۔یہ وہ ذکر ہے جو چودہ سو سالوں سے ہوتا آیا ہے اور تاقیامت جاری رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اُم الآئمہ حضرت فاطمتہ الزہرا (س) کے حق و صداقت کا سب سے بڑا گواہ کلام پاک کی صورت میں خدا بزرگ و برتر خود ہے۔یہ وہ واحد برگزیدہ ہستی ہیں جن کے احترام میں سردار الانبیاء کھڑے ہو جاتے تھے۔دختر رسول (ص) کا احترام ہر کلمہ گو ہر واجب ہے۔مستند حوالوں سے ثابت ہے کہ نبی کریم (ص) نے اپنی بیٹی کا اپنا ٹکرا قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس نے فاطمہ (س)کو اذیت دی اس نے مجھے اذیت دی ۔ دین کی معمولی سی سوجھ بوجھ رکھنے والا اس بات کو سمجھ سکتا ہے کہ نبی (ص)کو اذیت دینے والے سے خدا کبھی راضی نہ ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں حقیقی وقار و عظمت اور آخرت میں کامیابی کی منازل تک پہنچنا ہے تو اہل بیت (ع) کے راستے پر چلنا ہو گا۔ امت مسلمہ حضرت فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی حقیقی معرفت حاصل کر کے فرقہ واریت کے عفریت کو شکست دےسکتی ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .