۷ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۷ شوال ۱۴۴۵ | Apr 26, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزہ/ او آئی سی کے اجلاس میں اسلامی ممالک کو درپیش مسائل پر نتیجہ خیز گفت وشنید کی ضرورت ہے۔  اس اجلاس کو خوش آئند تب ہی قرار دیا جا سکتا ہے جب اس کے ثمرات لبنان اور یمن سمیت ان مظلومین تک پہنچیں جو  غاصبوں اور عالمی استعماری قوتوں کے شکنجے میں جکڑے ہوئے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جس آزاد و خودمختار پاکستان کا تصور علامہ اقبال نے پیش کیا اور جس کے قیام کے لیے قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ نے انتھک جدوجہد کی اس ارض پاک کی تکمیل کے لیے پوری قوم کو اسی لگن، دیانتداری اور جذبے کے ساتھ اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا حصول محض کسی زمینی ٹکڑے کے لیے نہیں تھا بلکہ اس کا مقصد ایک ایسی اسلامی مملکت کا قیام تھا جو اپنے فیصلوں میں آزاد ہو۔ جس کے داخلی و خارجی فیصلے قومی مفادات کے تابع ہو۔گزشتہ ستر سالوں سے عالمی استکباری طاقتیں پاکستان کے معاملات اور ہمارے دیگر ممالک سے تعلقات کو اپنی مرضی کے تابع دیکھنے کی متمنی ہیں۔جو ریاست ملک وقوم کے وقار کو مقدم سمجھتی ہے وہ کسی بیرونی ڈکٹیشن کو خاطر میں نہیں لاتی۔ اس حقیقت کا ادارک صرف انہیں رہنماؤں کو ہوتا ہے جو باضمیر و باشعور عوام کی آنکھ سے معاملات کو پرکھنا جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا یوم پاکستان کے موقع پر او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی میزبانی پاکستان کررہا ہے جو باعث اعزاز ہے۔وہ عالمی طاقتیں جو پاکستان کو ایک غیر محفوظ ریاست ثابت کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی تھیں اپنی ناکامی پر بے چین دکھائی دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا او آئی سی کے اجلاس میں اسلامی ممالک کو درپیش مسائل پر نتیجہ خیز گفت وشنید کی ضرورت ہے۔ اس اجلاس کو خوش آئند تب ہی قرار دیا جا سکتا ہے جب اس کے ثمرات لبنان اور یمن سمیت ان مظلومین تک پہنچیں جو غاصبوں اور عالمی استعماری قوتوں کے شکنجے میں جکڑے ہوئے ہیں۔

مزید کہا کہ یمن کے نہتے مسلمانوں کو گزشتہ سات سالوں سے جس ظلم و بربریت کا سامنا ہے اس پر بھی موثر انداز میں آواز بلند کر کے تنظیم اپنے شفاف اور عادلانہ طرز عمل کا ثبوت پیش کر سکتی ہے۔ مظلوم عوام کی حمایت میں اٹل موقف اختیار کر کے اپنے خلاف ہونے والے پروپیگنڈے کو زائل کرنے کا حکومت کے پاس یہ بہترین موقع ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .