حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کی جانب سے قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم اور صوبائی صدر علامہ سید اسد اقبال زیدی کی ہدایات پر 23 مارچ یوم پاکستان بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں سندھ بھر میں پاکستان زندہ باد ریلیوں، سیمینار سمیت مختلف پروگرامات کا انعقاد کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر پورے پاکستان کی طرح صوبہ سندھ میں بھی 23 مارچ یوم پاکستان بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں صوبائی صدر علامہ سید اسد اقبال زیدی کی ہدایات پر سندھ بھر میں "پاکستان زندہ باد" کے عنوان سے حیدرآباد، بدین، نوابشاہ، سکھر، لاڑکانہ، کراچی سمیت دیگر شہروں، اضلاع اور تحصیلات میں پروگرامات کا انعقاد کیا گیا۔
23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر سکھر میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر علامہ سید اسد اقبال زیدی نے پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے مزید کہا: آج کا دن عوام کو حب الوطنی کی طرف متوجہ کرتا ہے، ملک میں آئین کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی توجہ طلب ہیں۔
صوبائی صدر نے توجہ دلاتے ہوئے کہا: ایک مرتبہ پھر قیام پاکستان جیسے جوش و جذبے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی تشکیل لاالہ اللہ کی بنیاد پر ہوئی۔ اس ضمن میں اسلامی معاشرے کا قیام اور اسلامی تہذیب و ثقافت کی ترویج کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے سے بے حیائی اور بے راہ روی کا خاتمہ ہوسکے۔
علامہ اسد اقبال زیدی نے کہا: ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے۔ سیاسی بے چینی عروج پر ہے جبکہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری، دہشتگردی سمیت دیگر مسائل انتہاء کو پہنچے ہوئے ہیں۔ حکمرانوں کی بے حسی سے عوام پریشان ہیں۔
علامہ اسد اقبال زیدی نے سندھ میں ہونے والے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا: انصاف کی فراہمی ناگزیر ہے پاکستان تمام مذہبی اکائیوں کا گھر ہے۔ اقلیتوں کا تحفظ اور ان کے لیے انصاف کی فراہمی آسان ہونی چاہیئے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی انتہاء پسندی، شدت پسندی سمیت داخلی اور خارجی مسائل میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ جس سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر فیصلوں کی ضرورت ہے۔